نیویارک (اے پی پی+ اے ایف پی) فلوریڈا سکول میں فائرنگ کرنے والے ملزم نکولس کروز نے عدالت میں اعتراف جرم کرلیا۔ ملزم پر 17 افراد کے قتل کی فرد جرم عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سکول میں فائرنگ کر کے 17 افراد کو قتل کرنے والے سابق طالبعلم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ ملزم نے جج کے سوال پر خود کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا۔ 19 سالہ نکولس کروز کالے بیگ میں گن اور گولیاں لئے سکول پہنچا اور طلبا پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فلوریڈا کی عدالت میں پیشی کے وقت ملزم کے ہاتھ کمر سے بندھے ہوئے تھے اور اس نے قید خانے کا نارنجی رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا۔ ملزم کے وکیل نے استغاثہ کی جانب سے کروز کو قید رکھنے کی مخالفت نہیں کی۔ اندوہناک واقعہ پر شہریوں کی بڑی تعداد متاثرہ سکول میں جمع ہوئی اور ہلاک افراد کے لئے شمعیں روشن کیں۔ فلوریڈا کے علاقے پارک لینڈ میں شہریوں نے سکول فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ اس موقع پر شرکاء نے اسلحے پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا۔ فائرنگ کے واقعے پر امریکہ میں سوگ کا سماں ہے۔ وائٹ ہاﺅس پرامریکی پرچم سرنگوں ہے۔ پارک لینڈ میں مرنیوالوں کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
فلوریڈا/ فائرنگ
فلوریڈا سکول میں فائرنگ کرنے والے ملزم نکولس کروز نے عدالت میں اعتراف جرم کرلیا۔ ملزم پر 17 افراد کے قتل کی فرد جرم عائد کر دی گئی
Feb 17, 2018