گوجرانوالہ + کامونکے + منڈی بہائو الدین + اوکاڑہ (نامہ نگاران) پابندی کے باوجود گوجرانوالہ، کامونکے اور منڈی بہائو الدین میں شہر بھر میں پتنگ بازی عروج پر رہی اور جمعہ کے روز گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں رنگ برنگی پتنگیں آسمان پر اڑتی نظر آئیں اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے پتنگ بازی پر پابندی پر پوری طرح عمل ہوتا نظر نہیں آیا۔ سی پی او اشفاق احمد خان کی ہدایات کے باوجود مختلف علاقوں میں شہری بسنت مناتے رہے۔ کامونکے میں گذشتہ روز سلامت پورہ،پْرانی آبادی ،کسوکی روڈ، ہڑڑ روڈ، ٹبہ محمد نگر،رضا آباد،فیصل ٹاؤن ،خان ٹاؤن ،حبیب پورہ سمیت شہر کے تمام گلی محلوں اور گردونواح میں حکومتی پابندی کی دھجیاں اْڑاتے ،باجے بجاتے اور بلند آواز میں ساؤنڈ سسٹم لگاکر نوجوان اور بچے سارا دن گھروں کی چھتوں پربسنت مناتے رہے۔پولیس اہلکار شہریوں کے گھروں میں چھاپے مار کر بچوں کو پکڑتے اور مبینہ طور پر رشوت لیکر چھوڑ تے رہے اور جن والدین سے معاملات طے نہ ہوپاتے اْنکے بچوں کو تھانہ لے جاتے اور اْنکے لواحقین سے دوبارہ رابطہ کرکے دیہاڑیاں لگاتے رہے۔جبکہ اعلیٰ افسران کو مطمئن کرنے کیلئے چند پتنگ بازوں کیخلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔منڈی بہائو الدین سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں بسنت کا تہوار انتہائی روزوشورسے تمام ترپابندی کے باوجودمنایا گیا۔بوکاٹاکے نعرے، پولیس اورشہریوں کی آنکھ مچولی،جوپکڑاگیاوہ تھانہ کی حوالات میں پہنچ گیا،کئی نوجوانوںکوپولیس نے تعلق کی بنیادپرچھوڑدیا،جن کی سفارش نہ آئی انہیں مقدمہ کاسامنا،پولیس چادراورچاردیواری کاتقدس پامال کرکے گھروں میں گھس گئی،ڈی ایس پی صدرسرکل کی سربراہی میں پولیس کاشہربھرکے محلوں میں فل کریک ڈائون کیاگیا، چھاپہ مار ٹیموں نے گوڑھا محلہ منشی محلہ وارڈنمبر پانچ سکول محلہ کا گھیرائو کرلیا آسمان رنگ برنگی پتنگوں اور بوکاٹا کے نعروں اور اونچی آواز میں میوزک کی آواز سے گو نجتارہالاکھوں روپے کی پتنگیں اورڈورکی خریداری شہرمیں کھلے عام جاری رہی،کریک ڈائون میں سو سے زائد نوجوانوں اور کم عمر بچوں کو گرفتار کرلیا گیاجنہیں پولیس وین میں ڈال کرتھانہ منتقل کیاگیا۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے ایک پتنگ باز کو گرفتار کرکے 70 پتنگیں قبضہ میں لے لیں۔ تھانہ اے ڈویژن نے دوران گشت پرانی کچہری سٹاپ اوکاڑہ پرکھڑے ایک پتنگ باز محمود عالم کو گرفتار کر لیا جو کہ ایک بوری میں 70 پتنگیں لئے کسی سواری کے انتظار میں کھڑا تھا۔ پولیس نے پتنگیں قبضہ میں لے کر ملزم کے خلاف کائیٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
گوجرانوالہ، کامونکے، منڈی بہائوالدین میں پابندی کے باوجود بسنت، 100 سے زائد پتنگ باز گرفتار
Feb 17, 2018