پابندی کیخلاف پان فروشوں کی ریلوے سٹیشن سے پریس کلب تک ریلی، دھرنا‘ ٹریفک جام

Feb 17, 2018

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے پان تمباکو اور چھالیہ پر پابندی لگانے کے فیصلے کے خلاف پان فروش دکانداروں نے اپنے حقوق اور معاشی قتل کیے جانے کے خلاف گزشتہ روز ریلو ے سٹیشن سے لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی تک پرامن احتجاجی ریلی نکالی جس میں متاثرین نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے فوڈ اتھارٹی کے ظالمانہ فیصلے کے خلاف کتبے اور بینرز اٹھاکر شدید نعرہ بازی کی۔ مظاہرین کے شملہ پہاڑی چوک میں پہنچ کر دھرنا دینے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم جبکہ کئی گھنٹوں تک ملحقہ اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیے بغیر سخت فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے لاہور بھر میں ہزاروں پان شاپس احتجاجاً بند رہیں جبکہ کراچی سمیت پنجاب کے دیگر اضلا ع میں بھی فوڈ اتھارٹی کے خلاف پان فروشوں نے اپنے اپنے شہروں میں احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان پان تمباکو ایسوسی ایشن کے صدر وسیم علی اور لاہور کے صدر حاجی ہارون نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بغیر تحقیق، مشاورت اور مافیا کو فائدہ پہنچانے کے لیے چیوئنگ تمباکو اور چھالیہ کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور فو ڈ اتھارٹی کو کسی صورت اجازت نہیں دیں گے کہ لاکھوں افراد کا معاشی قتل کیا جائے۔ اگر پان تمباکو مضرصحت ہے تو سگریٹ اس سے کئی گنا زیادہ نقصان دہ ہے اس پر تو پابندی لگائی نہیں گئی بلکہ پان فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا، فوڈ اتھارٹی کے اہلکار دکانوں پر آ کر تاجروں کو دھمکا اور ہراساں کر رہے ہیں کہ تمباکو کی خریدو فروخت بند کر دی جائے۔ وسیم علی نے کہا کہ آج ہم نے پرامن ریلی نکالی ہے اگر فوڈ اتھارٹی نے زبردستی کی یا اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گے اور احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا۔

مزیدخبریں