گوجرانوالہ کی الیاس کالونی میں بھائی کی خودکشی کا صدمہ دو بھائیوں کی جان لے گیا ۔تین بھائیوں کی ایک ساتھ موت پر اہل علاقہ بھی سو گوار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے الیاس کالونی میں ویلڈنگ کا کام کرنے والے35سالہ زاہد علی نے معاشی تنگی اور گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے آپ کو گولی مار خودکشی کی تو اس کے اپنے چھوٹے اور بڑے بھائی یہ صدمہ براداشت نہ کرسکے اور وہ بھی تھوڑی ہی دیر بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ زاہد کی موت کی خبر سنتے ہی اس کے بڑے بھائی 40 سالہ عباس علی کی حالت خراب ہوگئی جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھاکہ وہ راستے میں ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔زاہد اور عباس کی میتیں گھر پہنچی تو چھوٹے بھائی 28 سالہ صدام علی بھی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا ، تینوں بھائیوں کی ایک ساتھ ہلاکت کے باعث گھر میں کہرام مچ گیا۔خودکشی کرنے والا زاہد ویلڈنگ کا کام کرتا تھا اور ایک بچی کا باپ تھا، تھانہ صدرپولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔