سابق وزیراعظم پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ لودھراں کا فیصلہ پوری دنیا میں گونج رہا ہے ،عوام نے تکبر جھوٹ بولنے والوں کو مسترد کرکے ثابت کیا فیصلے ایمپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں ۔انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں پوراپاکستان لودھراں بنے گا، لاڈلہ کہتا ہے ہم نے لودھراں سے سبق سیکھنے کا فیصلہ کیا ہے، لاڈلے اب قوم تمھیں سبق سکھائے گی ۔ہفتہ کو لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ اقبال شاہ کو ووٹ دے کر یہاں کے عوا م نے نوازشریف اور شہبازشریف کا مان بڑھایا ہے ۔ بہت خوش ہوں لودھراں کے عوام نے مجھے خرید لیا ہے ۔ میں مریم نوازاور شہبازشریف کو ساتھ لے کر لودھراں کے عوام کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں مریم نوازاور شہبازشریف لودھراں دوبارہ آئیں گے ۔ آپ نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے ایمپائرکی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں ۔ لودھراں کا فیصلہ آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے ۔ انشاء اللہ 2018کے الیکشن میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا۔ میں کس منہ سے لودھراں والو آپ کا شکریہ ادا کروں ۔ آپ کا منہ چومنے کو دل کرتا ہے ,آپ نے جھولنے والوں کو رد کیا اور ایک سچے اور کھرے آدمی کو منتخب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحمان کا نجو اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر عوام کی بھر پور خدمت کررہے ہیں ۔ آپ نے یہاں ووٹ کے تقدس کو بحال کیا ۔ آپ نے ان لوگوں کو رد کیا ۔ جنہوںنے پچھلے 5سال سوائے جھوٹ بولنے بہتان تراشی اور الزام تراشی کے کچھ نہیں کیا ۔ آج کہتے ہیں ہم لودھراں سے سبق سیکھیں گے لاڈلہ کہتا ہے ہم نے لودھراں سے سبق سیکھنے کا فیصلہ کیا ہے اب تمھیں پانچ سال بعد سبق سیکھنے کا خیال آگیا ہے اب تم سبق سیکھو گے تمھیں قوم سبق سکھائے گی, آپ جانتے ہیں میں جھوٹ نہیں بولتا اسی لیے 1985سے میں عوام کی خدمت کرتا چلا آیا ہوں ۔ شہبازشریف نے جو پنجاب اور پاکستان کی خدمت کی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ,یہاں پر بہترین سڑکیں ، ہسپتال تعلیمی ادارے بن رہے ہیں ۔ کاشتکاروں کیلئے بجلی سستی کی، بجلی آئی نہیں سستی بھی ہوئی ہے کھاد سستی کی ہے ۔ ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کی بڑے بڑے منصوبے لگ رہے ہیں ۔ 20سال میں لگنے والے منصوبے 20ماہ میں مکمل کرکے دکھائے ۔ دہشتگردی ختم کی, کراچی کو ٹھیک کیا ,پیپلزپارٹی کی وہاں حکومت تھی مگر کراچی کو ٹھیک ہم نے کیا, کراچی میں روز ہڑتالیں اور مظاہرے ہوتے تھے, چوریاں ڈکیتیاں ہوتی تھیں , ہم نے آکر سب کچھ بند کرکے دوبارہ کراچی کو پرامن شہر بنا دیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے تکبر کیا اور کہا کہ وہ پہلے سے بھی زیادہ ووٹ لیں گے، لیکن وہ 27 ہزار ووٹ سے ہار گئے۔ اگلے الیکشن کیلئے میں پورے ملک میں اچھی فضاء دیکھ رہا ہوں اگر ن لیگ الیکشن جیتی تو تو حکومت میں آنے کے بعد سب سے پہلے لودھراں میں گیس فراہم کی جائے گی ۔ آج میں وزیر اعظم نہیں ہوں مجھے اس بات پر نکال دیا گیا کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ۔ ایک روپے کی رشوت کا بھی الزام نہیں ہے ۔ کمیشن لینے کا بھی الزام نہیں ہے, آپ نے دنیا میں کبھی ایسا فیصلہ سنا ہے, آپ نے آنے والے انتخابات میں کچھ بڑے فیصلے کرنے ہیں ,لودھراں والو سوچ کر بتائو کیا اپنے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کروگے یا نہیں؟کیا آپ کا وزیراعظم اسی طرح رسوا اور ذلیل ہوتا رہے گا,میں یقین دلا تا ہوں آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن جیتے گی اور غریبوں کو ان کی دہلیز پر انصاف ملے گا۔ ہیلتھ کارڈ دیں گے بے گھر افراد کو گھر فراہم کیا جائے گا۔ ہم جو وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں ۔ کے پی کے حکومت نے وہاں کچھ نہیں کیا آج میٹرو بس کا خیال آیا ہے جسے وہ جنگلہ بس کہتے تھے آج وہ خود بنا رہے ہیں ان سے پوچھے 5سال کیا کیا ان کی کارکردگی کیا ہے ۔ شہبازشریف آئندہ باقی ڈویژن ہیڈ کوارٹروں میں میٹروبس بنا کر دم لیں گے, لودھراں کی اسپیڈوبس کی تعداد میں مزید اضافہ کریں گے ۔ لاہور سے ملتا ن موٹروے مکمل ہورہی ہے اگلے ایک دوماہ میں آپ موٹروے سے لاہور جائیں گے ۔ وہ دن دور نہیں جب آپ لودھراں سے ملتان اور کراچی جاسکیں گے۔ ہم سب کچھ بنا رہے ہیں منصوبے مکمل ہونے والے ہیں ہم نے کام کیا ہے سی پیک لائے ہیں، لاکھوں لوگوں کو روز گار ملنا شروع ہوگیا ہے ۔ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ستون ہوگا۔ اگر اللہ نے موقع دیا تو ٹیوب ویلوں کیلئے فلیٹ ریٹ مقرر کریں گے ۔ کاشتکاروں کی خدمت کریں گے ۔ منصوبوں کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔ لودھراں میں کوئی ایسا شخص نہیں رہے گاجس کے پاس باعزت روز گار نہیں ہوگا۔ باعزت چھت ہوگی، سب خوشحالی سے زندگی بسر کریںکرسکیں گے ۔ لودھراں والوآپ نے بڑا خوش کیا ہے اللہ تعالی آپ کو خیرو برکت دے ۔ اس سے قبل وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لودھراں کے عوام نے مسلم لیگ (ن ) کو کامیاب بنا کر مجھے اور سابق وزیراعظم کو خرید لیا۔لودھراں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا آج لودھراں والوں نے آج امریکا کے پانچ ارب ڈالر کو ٹھکرانے والے اور پاکستان کو ایٹمی پاور بنانے والے کو آپ نے کامیاب بنایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لودھراں میں کہا تھا کہ یہاں چوروں اور لٹیروں کو شکست ہوگی اور اللہ کے فضل و کرم سے آج چوروں لٹیروں کو شکست ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے قرضہ معاف کروانے والوں کو شکست دی اور 'اے ٹی ایم مشین' کو اکھاڑ کر پھینک دیا۔انہوں نے کہا کہ لودھراں میں مسلم لیگ(ن)کی کامیابی کا ڈنکہ پوری دنیا میں بج رہا ہے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ لودھراں کے عوام نے اس فتح کے ساتھ ہی عمران خان کی اے ٹی ایم مشین چھین لی ہے، اب یہ خزانہ لودھراں کے عوام کی خدمت کے لیے استعمال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے پہلے ہی مجھے خرید لیا ہے، میں اب ان کا مکمل خادم بن گیا ہوں، یہ جو حکم کریں گے وہ میں کروں گا اور اپنا کوٹ بیچ کر بھی آپ کو خوش کروں گا۔اس سے قبل سابق وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلی شہبازشریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز ورکرز کنونشن سے خطاب کرنے کیلئے لودھراں پہنچے،مسلم لیگ(ن)کی قیادت خصوصی طیارے کے ذریعے کے ذریعے لودھراں پہنچے جہاں ان کا پارٹی رہنماوں نے استقبال کیا۔