عمران خان کا حدیبیہ کیس سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان, نوازشریف کیخلاف پارلیمنٹ،سپیکراورنیب نے کچھ نہیں کیا:عمران خان

Feb 17, 2018 | 22:53

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ نوازشریف کیخلاف پارلیمنٹ،سپیکراورنیب نے کچھ نہیں کیا،حدیبیہ کیس کوسپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ہم انتخابی مہم میں حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔ پی ٹی آئی کی ممبر شپ مہم میں  جس نے محنت نہ کی انہیں ٹکٹ نہیں دیں گے۔ ن لیگ نے دھاندلی کے اتنے طریقے نکال لیے عوام کو پتہ نہیں چلتا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کیا۔عمران خان  نے کہا کہ کامیاب ٹیم ہمیشہ  ہارنے  کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے ۔ جس طرح کرکٹ میں میچ ہارنے کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیتے تھے ۔ اسی طرح اب بھی جائزہ لے رہے ہیں ۔ جہانگیر ترین حلقے کو وقت نہیں دے سکے جس کا اعتراف انہوں نے خود کیا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ممبر شپ مہم شروع کررہے ہیں جنہوںنے ممبر شپ میں محنت نہ کی انہیں ٹکٹ نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے دھاندلی کے اتنے طریقے نکال لیے عوام کو پتہ نہیں چلتا ۔پبلک آتی نہیں اور انہیں اتنے ووٹ پڑجاتے ہیں ضمنی اور عام انتخابات میں فرق ہوتا ہے ۔ ق لیگ اپنی حکومت میں تمام ضمنی الیکشن جیتی تھی ۔ نوازشریف سب کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے ۔ نوازشریف 300ارب روپے بیرون ملک لے گیا اس کا حساب دینا ہوگا۔ نوازشریف نے قطری خط کے علاوہ کچھ نہیں دیا ۔ نوازشریف نے 28جولائی کے بعد فوج اورعدلیہ پر تنقید شروع کردی ۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے چوری کرنے والے ملک سے فرار ہیں ۔ اسحاق ڈار بیماری کا بہانہ بنا کر فرار ہیں ۔ وزیراعظم نے اپنے جہاز میں اسحاق ڈار کو بھگایا ۔ اسحاق ڈار کے بیٹے اربوں پتی کیسے بن گئے ۔ عمران خان نے کہا کہ حدیبیہ کیس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے, میں نے 40سال پرانے فلیٹ کی منی ٹریل عدالت میں جمع کرائی ۔ عوام کو بیوقوف بنانے پر نوازشریف کو جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں ۔ نوازشریف عوام سے ملک لوٹنے کا لائسنس چاہتے ہیں ۔ نوازشریف کے خلاف پارلیمنٹ ، اسپیکر اور نیب نے کچھ نہیں کیا ۔ وزیراعظم خاقان عباسی  کو پتا ہے  کہ نوازشریف جھوٹ بول رہے ہیں ۔ سب کو پتا ہے نوازشریف کے پاس چوری کا پیسہ ہے ۔ تمام وزراء خود کرپشن میں ملوث ہیں ۔ ہم انتخابی مہم میں حقائق عوام کے سامنے لائیں گے ۔ نوازشریف کے نعرے اور وعدے سب جھوٹے ہیں ۔

مزیدخبریں