وفاقی حکومت نے گیس ٹیرف پرنظرثانی کا فیصلہ کرتے ہوئے سفارشات طلب کر لی ہیں ۔ 300 کیوبک میٹر ماہانہ سے زائد گیس استعمال کرنے والے صارفین کو رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اطلاع کے مطابق آئندہ ہفتے کابینہ کی توانائی کمیٹی گیس ٹیرف کے نئے سلیب سے متعلق منظوری دے گی۔ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لینے کے بعد وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کرنے کے بعد کیا گیا وزیراعظم پٹرولیم کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پٹرولیم سیکٹر میں دس ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کرے گا جبکہ آئی ایم ایف گیس کی قیمت میں جنوری سے اضافہ کرنے کیلئے دبائو ڈال رہا ہے سعودی عرب ایل این جی سیکٹر اور گیس اسٹوریج کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تکنیکی اور مالی تعاون بھی کرے گا 300 کیوبک میٹر ماہانہ سے زائد گیس استعمال کرنے والے صارفین کو رعایت فراہم کرنے کے لئے بلوں میں کمی کرنے کا فیصلہ حکومت کا مستحسن اقدام قرار دیا جا سکتا ہے لیکن یہ اندازہ لگانا فی الحال ممکن نہیں کہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے کتنے فیصد غریب عوام اس سے مستفیض ہو سکیں گے اشیاء خوردونوش غریب اور متوسط طبقے کی قوت خرید سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں یوٹیلیٹی بلز نے ان کی کمر مزید توڑ دی ہے اس صورحال کو دیکھتے ہوئے اگر حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو اسے عالمی اداروں کے دباؤ میں آئے بغیر پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی پاکستان کا قیام آزاد اسلامی جمہوری ریاست کی حیثیت سے عمل میں آیا تھا بد قسمتی سے پاکستان میں بعض حکمرانوں کی عاقبت اندیش پالیسیوں اور شاہ خرچیوں کے باعث ملکی نظام چلانے کیلئے بعض عالمی اداروں سے امداد لینی پڑی امداد دینے والے ادارے اپنی شرائط مسلط کرنا چاہتے ہیں آئی ایم ایف کی جانب سے گیس مہنگی کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ کسی عالمی ادارے کے دباؤ میں آئے بغیر عوام کو ریلیف دینے کی حکومتی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گیس کے علاوہ بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں کے نرخوں میں بھی کمی کی جائے اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کرنے کیلئے پالیسیاں ترتیب دی جائیں تاکہ وہ پرسکون زندگی گزار سکیں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔