حیدرآباد ( نامہ نگار)وفاقی وزیر پاکستان ریلویز شیخ رشید احمد نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد سلیم شیخ نے حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش اور بہتری کے لئے 8کروڑ 20لاکھ روپے خصوصی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ۔حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی ، جس میں ایئر کنڈیشن انتظار گاہ ، پینے کے صاف پانی کے انتظامات شامل ہیں ۔ وفاقی وزیر نے DSریلوے کی سربراہی میں حیدرآباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری اور رکن قومی اسمبلی نزہت پٹھان پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ۔ حیدرآباد اور کر اچی کے درمیان دو ریل کار چلانے کی بھی ہدایت کی، اگر نجی پارٹیاں حیدرآباد سے کارگو ٹرین سروس چلانے میں دلچسپی رکھتی ہیں وہ رابطہ کریں ہم ان کو سروسز دیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے حیدرآباد ریلوے اسٹیشن سے ناجائز تجاوزات فو ری ختم کرنے کی ہدایت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بابا رحمن ایکسپریس کا کامیابی سے سفر شروع ہو گیا ہے ، مسافرسفر سے 90دن پہلے سیٹوں کی بکنگ کرا سکیں گے ۔ حیدرآباد چیمبر کی ریلوے سب کمیٹی کے چیئر مین ضیا ء الدین نے تاجروں و صنعتکاروں کے مسائل کی سفری مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن زبوں حالی کا شکارہے ، پلیٹ فارم ، انتظار گاہیں اور صحت و صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اسٹیشن کے اطراف پارکنگ مافیا نے قبضہ کیا ہوا ہے اور مسافروں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا ہے ، لاہور اسٹیشن کی طرز پر داخلہ اور خارجی راستے بنائے جائیں ۔حیدرآباد چیمبر کے نائب صدر پیر سید محمود اقبال جعفری نے وفاقی وزیر کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے سے حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے انتظامات میں بہتری آئے گی ۔ استقبالیہ تقریب میں رکن قومی اسمبلی نزہت پٹھان ،سابق سینئر نائب صدور تراب علی خوجہ ، محمد عارف، مجلس عاملہ کے اراکین عبد الوحید شیخ ، یو سف میمن ، رحمت اﷲ ساند ، عبد الستار خان ، محمدطار ق شیخ ، عبد الحمید قریشی ، حاجی اختیا ر آرائیں اور عبد القادر سہروردی ودیگر موجود تھے ۔
وفاقی وزیر ریلویز کا حیدر آباداسٹیشن کیلئے 8کروڑ20لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان
Feb 17, 2019