کراچی (سٹی ڈیسک) امیرکراچی تحریک لبیک پاکستان علامہ رضی حسینی نقشبندی نے سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ہڑتال پر ہیں اور حکمران کھیل تماشوں میں مصروف ہیں، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کے عہدیداران تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ منوانے کے لیے کوئی دوسرا مہذب طریقہ اختیار کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے دوران کراچی کے ایک سرکاری اسپتال میں علاج نہ ہونے کی وجہ سے 2 بجے جاں بحق ہوگئے، 2 بچوں کی اموات کا ذمہ دار کون ہے؟؟ علامہ رضی حسینی نقشبندی نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں میں انسان دوستی، اخلاقیات اور پروفیشنل ازم سکھانے کے لیے ملک کے تمام میڈیکل کالجوں میں اسلامیات اور اخلاقیات کے پریڈز کا سلسلہ شروع کیا جائے، حکومت ڈاکٹروں کے معاشی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے، گزشتہ 5 دنوں سے ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے سندھ کے ہزاروں مریض علاج معالجے کے بنیادی حق سے محروم ہیں۔ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی ڈاکٹروں کی ہڑتال پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہ کریں اور مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں۔ ٹی ایل پی سندھ اسمبلی میں ڈاکٹروں اور مریضوں کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرے گی۔ علامہ رضی حسینی نے لبیک ویلفیئر کے ذمہ داران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو فوری ریلیف پہنچانے کے لیے سرکاری اسپتالوں کے دورے کیے جائیں اور غریب مریضوں کی امداد کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ تحریک لبیک اگرچہ خود مشکل وقت سے گزر رہی ہے، ہم خود حکومت کے ظلم و ستم کا شکار ہیں لیکن عوامی مسائل کے حل کے لیے جو ہمارے بس میں ہوا ہم ضرور کریں گے اور عوام کو ریلیف پہنچائیں گے۔ قائدین کی رہائی سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائدین کی رہائی کے لیے لیگل پروسیس جاری ہے، وکلاء عدالتوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، امید ہے کہ جھوٹے مقدمات جلد ختم ہونگے، دنیا جانتی ہے کہ ٹی ایل پی کے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے ہیں، ٹی ایل پی کے خلاف مقدمات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، اسی لیے شیخ الحدیث علامہ حافظ خادم حسین رضوی، ڈاکٹر شفیق امینی، علامہ وحید نور، علامہ غلام غوث بغدادی سمیت تمام گرفتار قائدین جلد رہا ہونگے۔
سندھ میں ڈاکٹر ہڑتال پر حکمران کھیل تماشوں میں مصروف ہیں، رضی حسینی
Feb 17, 2019