لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت کی طرف سے سوشل میڈیا پر قدغن لگانے کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ حکومت لوگوں سے اظہار رائے کی آزادی کا حق چھیننا چاہتی ہے ۔ سوشل میڈیا پر اختلاف رائے کی بنیاد پر بلاجواز سختیوں کا اعلان تشویشناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ ضابطہ اخلاق بنانا ضروری ہے مگر ضابطہ اخلاق کی آڑ میں لوگوں کو حکومت پر تنقید کرنے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے جمہوری حق سے محروم کرنا غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے ،جو حکمرانوں کی آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتاہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سائبر کرائم کو روکنے کے قوانین کا غلط استعمال نہیں ہوناچاہیے ۔ جب تک حکومت خود قوانین کی پاسداری نہیں کرے گی ، عوام سے اس پر عملدرآمد کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر عوام نے وزراء کے ٹویٹس پر پابندی کا مطالبہ کردیا تو حکومت کے پاس کوئی جواز باقی نہیں رہے گا ۔ پریس کی آزادی جمہوریت کے لیے ضروری ہے۔