سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا طیارہ نور خان ایئربیس پر لینڈ کر گیا

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاک فضائیہ کے طیاروں کے حصار میں اسلام آباد پہنچ گئے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے دو روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچے ہیں ان کے استقبال کے لیے وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی کابینہ کے ارکان موجود ہیں۔

سعودی ولی عہد کے طیارے کو پاک فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے ملکی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی اپنے حصار میں لے لیا تھا اور اسی حصار میں ولی عہد کے طیارے نے اسلام آباد کی نور خان ایئربیس پر لینڈنگ کی۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد سے قبل سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اسلام آباد پہنچے، ان کا استقبال وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیا۔ سعودی وزیر خارجہ سے قبل شاہی ڈاکٹرز،  سیکیورٹی اور دیگر عملے پر مشتمل 221 افراد پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں، اس سلسلے میں سعودی عرب سے اب تک 7 جہاز نورخان ائیربیس پر لینڈ کرچکے جب کہ ان میں 2 واپس روانہ بھی ہوگئے ہیں۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے شاندار استقبال کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو 3 لئیرز باکس سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ راولپنڈی نور خان ائیربیس سے وزیراعظم ہاؤس تک باکس سیکیورٹی مشترکہ طور پر کمانڈ پاک فوج اور شاہی گارڈز کے سپرد ہے، فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ بلند عمارتوں پر اہلکار تعینات کیے گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایئرپورٹ پر استقبال کرنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس لائیں گے جہاں سعودی ولی عہد کو گارڈ آف آنرپیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی باضابطہ ملاقات ہوگی اور شام میں دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاؤس میں ہی عمران خان عشائیہ دیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہی ہوگی جب کہ صدر عارف علوی 18 فروری کو سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ ایوان صدر کے ظہرانے میں سعودی ولی عہد کا 100 رکنی وفد شریک ہوگا، ظہرانہ میں وزراء اور اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا۔

سعودی ولی عہد ایوان صدر سے ہی واپس ایئرپورٹ روانہ ہوجائیں گے۔ سعودی ولی عہد کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ٹرپل ون بریگیڈ کے سپرد کردی گئی ہیں جب کہ پولیس کے علاوہ ٹرپل ون بریگیڈ اور رینجرز کے متعدد ونگ جبکہ لائٹ کمانڈو بی این کی دو بٹالین اور زرار اینٹی ٹیررسٹ یونٹ کی ایک بٹالین تعینات کی جائے گی۔

ایس ایل سی ٹو ریڈا دو مختلف مقامات پر نصب کیے جائیں گے، ایوی ایشن کے چھ عدد ایم آئی 17 طیارے فضائی نگرانی کریں گے۔ انٹیلی جنس کی دو بٹالین جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 28 ٹیمیں کام کریں گی اور ایمبولینسز میڈیکل عملہ سمیت لگ بھگ 12 ہزار افسران و جوان سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔

جڑواں شہروں کی سجاوٹ
سعودی ولی عہد کی آمد کے موقع پر شاہی مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے جڑواں شہروں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جگہ جگہ تہنیتی بل بورڈز آویزاں ہیں جبکہ وی وی آئی پی روٹ پر پاکستانی اور سعودی پرچموں کی بہار ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت پر شہزادہ محمد بن سلمان کا بڑا پورٹریٹ نصب کیا گیا ہے۔ جس کی لمبائی 120 فٹ اور چوڑائی 45 فٹ ہے۔ پورٹریٹ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ذاتی خرچے سے تیار کروایا ہے۔

سیکیورٹی انتظامات
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر وفاقی پولیس، سیکیورٹی ڈویژن پولیس، اسپیشل برانچ، رینجرز اور ٹریفک پولیس کے مجموعی طور پر 3 ہزار افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ آپریشنل پولیس اور سیکیورٹی ڈویژن پولیس 1200 ، 1200 جب کہ اسپیشل برانچ کے 50 اور اسلام آباد ٹریفک پولیس 250 کے افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ علاوہ ازیں باقی رینجرز اور وفاقی پولیس کے گشت اسکواڈز شہر بھر اور ریڈ زون سے ملحقہ علاقوں  میں مسلسل ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

خصوصی ٹریفک پلان کے تحت ریڈ زون اوراسلام آباد ایکسپریس وے سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں کو سیل کردیا گیا ہے، عوام  کی سہولت کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس میں کلچرل شو
پاکستان کے دورے پرآنے والے سعودی ولی عہد کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں  کلچرل شو کا اہتمام کیا جائے گا۔ جس میں  چاروں صوبوں کی عکاسی کی جائے گی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی
سعودی ولی عہد کے دورے کی وجہ سے قومی اسمبلی کے پیر کو ہونے والے اجلاس کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی کا پیر 18 فروری کی شام 4 بجے ہونے والا اجلاس اب بدھ 20 فروری کی شام 4 بجے ہو گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کی آمد پر ریڈ زون مکمل سیل کر دیا جائے گا، اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قومی سیکرٹریٹ کے ملازمین کو ممکنہ مشکلات کے پیش نظر سوموار کو چھٹی دے دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ملازمین اب منگل کو اپنی ڈیوٹی پر آئیں  گے۔

ای پیپر دی نیشن