لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے مہنگائی کے خلاف بینرز اٹھارکھے تھے۔ مظاہرے میں ڈویژن صدر سردار محمد طاہر ڈوگر، ضلعی صدر علماء بورڈ عبداللہ ثاقب اراکین رابطہ کمیٹی محمد عمر قر یشی، افتخارخان، مولانا سیف اللہ نقشبندی، مولانا غلام محی الدین جلالی شریک ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کا سونامی نہ روکا تو گلی گلی حکومت مخالف احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان آٹا، چینی مافیا کو گود میں بیٹھا کر کس مافیا کی تلاش میں مصروف عمل ہیں۔ حکومت وقت کا ہنی مون اور پکنک کا وقت پورا ہوچکا۔ اپوزیشن حکومت کی بی ٹیم ہے ،ضلعی صدر علامہ شریف الدین قذافی نے کہا کہ عمران خان محض تقریروں اور بیانات سے ملک میں تبدیلی نہیں لا سکتے۔ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیاں''کرونا وائرس''ہیں۔ رہنمائوں نے خطاب میں کہا کہ مہنگائی کا طوفان بدتمیزی حکمرانوں کو بہا کر لے جائیگا۔