لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔ بزدار حکومت 72 لاکھ خاندانوں اور ساڑھے تین کروڑ افراد میں سات لاکھ مالیت کے صحت انصاف کارڈز تقسیم کر رہی ہے جس میں معمولی ایکسیڈنٹ سے لے کر کینسر اور دل کے امراض تک کا علاج ممکن ہو سکے گا۔ ن لیگ نے صرف دس سے بارہ اضلاع میں پونے تین لاکھ مالیت کا پروگرام شروع کیا اور اس میں بھی حکومت کی جانب سے پریمیئم نہ دیئے جانے کی وجہ سے لوگوں کو کئی دفعہ خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان خیالات کا اظہار فیاض الحسن چوہان نے رانا ثناء اللہ کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف صحت پروگرام پہلے خیبر پی کے میں پی ٹی آئی حکومت نے 2013 میں متعارف کروایا۔ آل شریف نے کے پی کے میں کامیاب انصاف صحت پروگرام کی کامیابی دیکھتے ہوئے اسے نقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف صحت پروگرام کی کامیابی سے ن لیگ کے چمچوں کڑچھوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ آلِ شریف نے تو ق لیگ دور کے عوامی فلاح کے جاری ایسے منصوبے تک بند کروا دیئے جو تقریباً مکمل ہو چکے تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ان حالات میں رانا نثار کے منہ سے بزدار حکومت کے کامیاب منصوبوں پر تنقید جچتی نہیں۔