نعیم الحق کراچی میں سپرد خاک‘ آرمی چیف کا اظہار تعزیت‘ پی ٹی آئی کا 3روزہ سوگ

کراچی‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘ اپنے رپورٹر سے‘ نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کو گزری قبرستان ڈیفنس 4میں سپردخاک کر دیا گیا۔ قبل ازیں ان کی نماز جنازہ ڈیفنس خیابان اتحاد مسجد عائشہ میں ادا کی گئی‘ نماز جنازہ مولانا تنویر الحق تھانوی کی امامت میں ادا کی گئی۔ جس میں وزیرداخلہ اعجاز شاہ‘ گورنر پنجاب چودھری سرور‘ سندھ عمران اسماعیل‘ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری‘ وفاقی وزرائ‘ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ نعیم الحق کے انتقال پر وزیراعظم عمان خان‘ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سیاسی رہنمائوں اور ہم شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر عارف علوی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ میرے قریبی دوست نعیم الحق ایک عظیم پاکستانی اور تحریک انصاف کے بانی رکن تھے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نعیم الحق کو ایک قریبی دوست کی حیثیت سے گزشتہ 40 سال سے جانتا تھا، اللہ رب العزت ان کی مغفرت فرمائے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی نعیم الحق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔دریں اثناء وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے نعیم الحق کی رہائش گاہ پر جا کر انکے اہلخانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نعیم الحق وزیراعظم کے صف اول کے سپاہی اورکروڑوں کارکنوں کے دلوں کی دھڑکن ان کا انتقال وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے بانی رہنماء نعیم الحق کے انتقال پر تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ۔سوگ کے دوران ملک بھر میں تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی مرحوم ساتھی کے ایصال ثواب کیلئے مرکزی ، ریجنل اور مقامی سطح پر دعائیہ تقاریب منعقد کی جائیں گی ۔تحریک انصاف سینٹرل سیکرٹریٹ تعزیتی سرگرمیوں کیلئے کھلا رہے گا۔نعیم الحق کی رسم سوئم اسلام آباد میں وزیراعظم ہائوس میں ہوگی۔ جس میں صدر ڈاکٹر عارف علوی‘ وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر حکومتی شخصیات اور نعیم الحق کے اہلخانہ شریک ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن