شریف فیملی کے دفاتر پر چھاپے غنڈہ گردی، عمران، ترین، شہزاد اکبر، نیب کا گٹھ جوڑ ہے: شہباز شریف

Feb 17, 2020

لندن+لاہور(صباح نیوز+ این این آئی+نیوز رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے عمران خان حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دن رات یوٹرن لینے والوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے، وزیراعظم ہائوس میں چور، کرپٹ اور ذخیرہ اندوز بیٹھے ہوئے ہیں، عمران خان 20 سال میں خرچ کئے گئے پیسہ کو کئی گنا زیادہ عوام سے وصول کر چکے ہیں۔شہباز شریف نے والدہ کے لندن پہنچنے کے بعد ایون فیلڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیمار والدہ لمبا سفر طے کر کے بخیریت پہنچی ان کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں،مریم کا کیس ہائیکورٹ میں ہے، اگر انہیں اجازت ملی تو اللہ سے دعا گو ہیں وہ بھی موجود ہوں۔اس موقع پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کی ذمے دار عمران خان ہے،دن رات یوٹرن لینے والوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے۔شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب آپ نے کہا تھا جب مہنگائی ہو تووزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے،آج قوم فیصلہ کرلے کون کرپٹ ہے۔ انہوںنے ماڈل ٹائون میں شریف فیملی کے دفاتر پر نیب چھاپے کو غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان، جہانگیر ترین، شہزاد اکبر اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے جو صرف شریف فیملی اور (ن)لیگ کے خلاف ہے۔ بدترین ادوار میں بھی ہم سرخرو ہوئے، اب بھی ہوں گے۔ اتفاق فائونڈری کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں لیکن اللہ کی مدد سے کامیاب ہوئے۔ لاہور سیف سٹی ہمارے دور کا کامیاب منصوبہ تھا آج عمران خان بد حواسی کے عالم میں وہاں پہنچے ان کے چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں۔شہبازشریف نے کہا پشاور بی آر ٹی‘ بلین درخت، لا قانونیت، بے روزگاری اور معاشی بدحالی یہ ہے نیا پاکستان۔ اسحاق ڈار نے حلال کی کمائی سے گھر بنایا اس کو چھیننے کی کوشش کی۔ اسحاق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کرکے عدالت کے حکم کی دھجیاں اڑائیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا دوبارہ اقتدار ملا تو عوام کے ساتھ مل کر ملک کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ ہمارے دور اقتدار میں بجلی اور گیس کے منافع بخش منصوبے تھے مگر یہ حکومت چوروں اور ڈاکوئوں کو بیچنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم ہائوس میں چور، کرپٹ اور ذخیرہ اندوز بیٹھے ہوئے ہیں۔ عمران خان 20 سال میں خرچ کئے گے پیسہ کو کئی گنا زیادہ عوام سے وصول کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا بلین ٹری منصوبہ کہاں گیا۔ کسی کو کچھ پتہ نہیں۔ بی آر ٹی منصوبہ کرپشن کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ مہنگائی‘ بیروزگاری اور لاقانونیت آج سکہ رائج الوقت ہے۔شہباز شریف نے ایک بار پھر کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ایک دھیلا قرضہ بھی معاف نہیں کرایا، غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے شریف فیملی اور ن لیگ عوام کے ساتھ مل کر وہ سفر دوبارہ جاری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اتفاق فاؤنڈری کے قرضہ جات کی مد میں پونے 6 ارب روپے بینکوں کو ادا کیے، اتفاق فاؤنڈری ہم نے نہیں حکومتی پالیسیوں کی وجہ بند ہوئی۔وزیراعظم کی جانب سے مولانا فضل الرحمان پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق بیان پر شہباز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر بغاوت کے مقدمے کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، فضل الرحمان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ کس بات کے لیے ہے؟ ان کا قصور کیا ہے؟ فضل الرحمان نے اسلام آباد کو بند نہیں کیا اور سول نافرمانی کی بات نہیں کی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران مافیا نے شریف گروپ کے دفاتر پر چھاپہ تو مار لیا لیکن ہمیشہ کی طرح اسے کچھ نہیں ملا ،بتایا جائے اب جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے دفاتر اور ملوں پرکب چھاپہ مارا جائے گا ؟۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین ، خسرو بختیار زمان پارک ، بنی گالہ پرچھاپہ مارے جائیں تو پتہ چل جائے گا عوام کی روٹی ، چینی اور آٹا کہاں ہے،ہزار ارب کا قرضہ کہاں جا رہا ہے اس کابھی پتہ چل جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین ، خسرو بختیار ،زمان پارک ، بنی گالہ پر چھاپہ مارا جائے تو پشاور میٹرو کے 150 ارب اور عمران صاحب کی لینڈ کروزر کہاں سے آئی اس کا بھی پتہ چل جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو جیلوں میں رکھ کر اٹھارہ ماہ میں ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت عدالت میں نہیں پیش کیا جا سکالیکن عمران مافیا جہانگیر ترین ، خسرو بختیار زمان پارک ، بنی گالہ پر چھاپہ مارے توعوام کی لوٹی ہوئی رقم، آٹا ، چینی اور روٹی کا حساب مل جائے گا۔ موجودہ حکومت نے اٹھارہ ماہ میں روزگار ، کاروبار معیشت تباہ کر دی ،اپنی چوری ، نااہلی اور نالائقی سے نظر ہٹانے کے لئے سیاسی مخالفین کے گھروں پہ چھاپے مار ے جارہے ہیں ۔

مزیدخبریں