لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ فائیو کی رونقیں، فرنچائزز ٹیموں نے لاہور اور کراچی میں پڑاو ڈال لیا‘کھلاڑیوں نے مشقیں شروع کردی اور ٹائٹل جیتنے کے دعوے کئے جارہے ہیں ۔ کراچی کنگز کے شرجیل خان کا کہنا ہے کہ نئے جذبے سے میدان میں اتروں گا۔ عماد وسیم کراچی والوں کیلئے ٹائٹل جیتنے کے لئے پر عزم ہیں، شعیب ملک نے ایونٹ کو نوجوانوں کیلئے اہم قرار دے دیا۔عماد وسیم اور بابر اعظم کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ کراچی کو ٹرافی کا تحفہ دوں، ڈین جونز کے آنے سے فائدہ ہوا۔ شعیب ملک نے کہا کہ کپتانی کی خواہش نہیں، حسن علی انجری کے بعد کم بیک کرنے کو تیار ہیں۔ وہاب ریاض اور امام الحق بھی اچھی کارکردگی کیلئے پرامید ہیں۔پی ایس ایل شامل ٹیموں نے نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا۔پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے کہاکہ اس باربیلنس سکواڈ ہے، شعیب ملک کے آنے سے سکواڈ مضبوط ہوا ہے۔وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کہا کہ مثبت سوچ کے ساتھ پی ایس ایل کھیلیں گے، ویسا ہی کھیلیں گے جیسا پچھلے چار سیزن میں کھیلے ہیں۔ ابھی میرا پی ایس ایل پر فوکس ہے، پاکستان ٹیم کا نہیں سوچ رہا۔ شعیب ملک نے کہاکہ میرا کوئی شوق نہیں کہ میں کسی بھی جگہ کپتانی کروں۔فاسٹ بائولر حسن علی کا کہنا ہے کہ میں بالکل فٹ ہوں اور اپنی ٹیم پشاور زلمی کو دستیاب ہوں۔ لوگ کارکردگی پر سوال کریں تو اچھا ہوگا ، ذاتی زندگی پر نہ کریں۔ امام الحق نے کہا کہ پشاور زلمی نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے، کوشش کرتا ہوں جہاں کھیلوں ٹیم کیلئے کھیلوں۔ پرچی کے طعنے اب میں بھی انجوئے کرتا ہوں، آپ بھی انجوائے کریں۔ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی پہلی مرتبہ پاکستان میں ہوگی۔ پاکستان اور سکواش کی دنیا کے سب سے کامیاب کھلاڑی جہانگیر خان چمچماتی ٹرافی تھامے نیشنل سٹیڈیم کراچی پہنچیں گے۔ ٹرافی کی تقریب رونمائی 19 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگی۔ وہ یہ ٹرافی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے حوالے کریں گے۔ تقریب کے دوران سرفراز احمد ٹرافی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے حوالے کریں گے جو تمام فرنچائز مالکان اور کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کریں گے۔ پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی یو کے کی کمپنی اوٹ وِل سلور سمٹس نے تیار کی ہے۔ ٹرافی کے اوپر نصب ایک چاند اور سہ جہتی ستارہ پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ 65 سینٹی میٹر لمبی ٹرافی کا کل وزن 8 کلوگرام ہے۔ چمچماتی ٹرافی کے اردگرد مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔رواں سال متعارف کروائی جانے والی ٹرافی اب آئندہ تمام ایونٹ کیلئے مستقل رہے گی اور آئندہ ہر سال ایونٹ جیتنے والی ٹیم کا نام اس ٹرافی پر درج کردیا جائیگا۔سکواش کی دنیا کے بے تاج بادشاہ جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کرنا غیر معمولی لمحہ ہوگا اور وہ اس دن کا انتظار کررہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاندار انداز میں ملک میں اعلیٰ سطحی کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کیں، ان سرگرمیوں کے ذریعے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے دنیا کو پیغام ملے گا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے،پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد سے ملک میں دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال ہوں گی، انہیں امید ہے کہ پی ایس ایل فائیو، گذشتہ چند دہائیوں سے ملک میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، شائقین کرکٹ کو کھیل سے محظوظ ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔
پاکستان سپر لیگ، ٹیموں کی مشقیں، کامیابی کے دعوے، جہانگیر خان ٹرافی سٹیڈیم لائیں گے
Feb 17, 2020