کیپٹن (ر )محمد صفدر کی ضمانت منسوخی کیلئے حکومتی اپیل پر پیش رفت نہیں ہوسکی، لاہور ہائیکورٹ میں سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔ سوموار کو لاہور ہائیکورٹ میں کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ضمانت منسوخی درخواست کی سماعت جسٹس فاروق حیدر کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کردی گئی۔پنجاب حکومت نے پراسیکیوشن کے ذریعے محمد صفدر کی ضمانت منسوخی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، حکومتی اپیل میں نشاندہی کی گئی کہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے سیشن عدالت میں ریاستی اداروں کے بارے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کی جو قابلِ اعتراض ہے۔حکومتی اپیل کے مطابق سیشن عدالت نے حقائق کے برعکس کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کر لی اور اس نکتے کو نظر انداز کردیا جن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ ناقابلِ ضمانت ہیں۔