فلسطینی علاقے پر جاری قبضے کے حوالے سے سینیٹ میں متفقہ طور پر قرار داد منظور

Feb 17, 2020 | 23:22

ویب ڈیسک

سینیٹ میں آج متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقے پر جاری قبضے اور اسرائیل کی جانب سے سینکڑوں فلسطینیوں کی حراست پر سخت غم وغصے کا اظہار کیا گیا۔

یہ قرارداد سینیٹر مشتاق احمد نے پیش کی تھی ۔

ایوان میں نام نہاد صدی کے معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

قرارداد میں خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام ، تمام فلسطینیوں کی ان کے گھروں اور اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قبضے میں لی گئی زمین کی واپسی جس پر اسرائیلی بستیاں قائم کی گئی ہیں اور فلسطینیوں کے خلاف جارحانہ کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا۔

ایوان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ متفقہ لائحہ عمل وضع کرنے کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

انہوں نے حکومت پر اس معاملے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کیلئے اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔

ایوان بالا میں تین بل پیش کئے گئے۔

ان میں اسلام آباد ہائی کورٹ (ترمیمی) بل 2020 ، اسلام آباد تحفظ صارفین (ترمیمی) بل 2020 اور انسداد دہشتگردی (ترمیمی) بل 2020 شامل ہیں۔

چیئرمین نے یہ بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھیج دیئے۔

وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے اور اس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔

تحریک التوا پر بحث سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

بعد میں چیئرمین نے کورم کم ہونے کی وجہ سے اجلاس ملتوی کردیا۔

مزیدخبریں