ایف سی کی چوکی پر دہشتگردی 

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقہ ہوشاب میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سپاہی شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی اسد مہدی شہید ہوئے۔ 
پاک فوج نے ایک بڑے آپریشن کے بعد دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کر دئیے۔ ان کی اکثریت کو ہلاک کر دیا گیا اور ان میں سے کچھ فرار ہو کر افغانستان میں بھارت اور افغان حکومت کی پناہ میں چلے گئے۔ افغانستان کے ملحقہ علاقوں میں یہی دہشتگرد خود آ کر یا انکے ایما پر پاکستان میں دُبکے انکے ساتھی دہشتگردی کرتے ہیں۔ گو یہ دہشتگرد کوئی بڑی دہشتگردی کرنے کے قابل نہیں مگر آسان ٹارگٹس کو ہدف ضرور بناتے ہیں۔ ان دہشتگردوں کو ایجنسیوں کی فعالیت کے باعث وارداتوں سے قبل بھی گرفتار کیا جاتا ہے مگر کبھی کبھی وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب بھی ہو جاتے ہیں۔ آج ضرورت انکے مکمل قلع قمع کی ہے۔ اس کیلئے ایجنسیوں کو مزید متحرک ہونا ہو گا اور حکومت کی طرف سے سہولت کاروں کیلئے زیرو ٹالرنس کی ضرورت ہے۔ سہولت کاری کے بغیر ایک بھی دہشتگردی کا واقعہ ممکن نہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن