ٹیکنالوجی تعلیم کے میدان میں نئی جدت اور تبدیلی لا رہی ہے: شفقت محمود 

Feb 17, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار) کرغزستان ریپبلک کے وزیر برائے تعلیم و سائنس الماز بیک بیشین لیو کی سربراہی میں وفد نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود سے ملاقات کی اور باہمی تعاون اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔ پاکستانی طلبہ حصول تعلیم کے لئے کرغستان جاتے ہیں اور پاکستانی ایجوکیشنسٹ وہاں تعلیمی میدان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ کرغز طلبہ پاکستان میں مذہبی تعلیم کے حصول کے لئے مدارس کا رخ کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے اپنے کرغز ہم منصب کو وزارت تعلیم کے ووکیشنل ایجوکیشن میں اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار دو سو ہائی اینڈ ٹریڈز، جن میں روبوٹکس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسز شامل ہیں کی تربیت دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں