پاک بحریہ کی کثیر القومی  میری ٹائم  مشق امن 21  ختم‘ صدر  علوی  کی شرکت

اسلام آباد+کراچی (سٹاف رپورٹر+نیوز رپورٹر) پاک بحریہ کی کثیرالملکی سمندری مشق امن 21 کی اختتامی تقریب گزشتہ روز  شمالی بحیرہ عرب میں منعقد کی گئی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ آئی ایس پی آر  کے مطابق مشق امن 21 کی اختتامی تقریب میں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بھی شرکت کی۔ بحیرہ عرب میں موجود پاک بحریہ کے جہاز پر آمد پر امیر البحر نے صدر پاکستان کا استقبال کیا۔ صدر کو امن مشقوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ مشق میں شریک ممالک کے بحری اور ہوائی جہازوں نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔ مشق امن چھ روز تک جاری رہی جس میں تقریبا 4o سے زائد ممالک شریک تھے۔ کثیر الملکی بحری مشق امن -2021ء انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے ساتھ شمالی بحیرہ عرب میں اختتام پذیر ہوگئی۔ جس کے بعد پاک بحریہ اور مشق میں شریک عالمی بحری افواج کے جہازوں نے شاندار 'امن فارمیشن' بنائی۔ اس موقع پر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے۔ صدر پاکستان کی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ان کا استقبال کیا۔ بحری اْمور کے وفاقی وزیر، دفاعی پیداوار کی وفاقی وزیر، وزیر اعلیٰ سندھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، پاک آرمی کے سربراہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مجھے پاک بحریہ پر فخر ہے۔ بحریہ نے بہترین تربیت حاصل کی ہے۔ یہ انتہائی فرض شناس ادارہ ہے اور وطن کے دفاع کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہے۔ صدر نے امن 2021ء مشقوں کو پاکستان کے علاقائی امن خاص طور پر بحر ہند میں امن کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اس خطے میں امن اور خوشحالی چاہتا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن