اسلام آباد‘ لاہور (وقائع نگار خصوصی‘ نیوز رپورٹر‘ سپورٹس رپورٹر) کرونا وائرس سے مزید 47 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 12 ہزار 380 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار 824 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 958 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاہور کے مزید 6 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگادیا گیا۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ملکوں میں مصدقہ کیسزکے حوالے سے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس و انجینئرنگ مرکز نے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے ہیں جو 16فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10بجے تک کے ہیں۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 10 کروڑ 91 لاکھ 43 ہزار273 ہوگئی۔ دریں اثناء ڈی جی ایف آئی اے کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق واجد ضیا نے گزشتہ روز کرونا ٹیسٹ کروایا جو پازٹیو نکلا۔ انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ سابق اولمپیئن اور ہاکی کی قومی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اصلاح الدین کرونا وائرس کے باعث کراچی کے آغا خان ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور کے جن علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ان میں عسکری 10 بلاک اے کی گلی نمبر دو اور چار عسکری 10 کے سیکٹر ایف کی بلڈنگ نمبر 20‘ ڈی ایچ اے فیز 3 ، بلاک زیڈ کی گلی نمبر3، ڈی ایچ ایفیز 2 بلاک ایس، سرور کالونی کینٹ کی گلی نمبر7 اور شاد باغ میں فضل پارک کی مین سٹریٹ شامل ہیں۔ سمارٹ لاک ڈائون کے دوران بنیادی ضروریات کی اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی جب کہ دیگر علاقوں سے لوگوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دریں اثناء نیدر لینڈ کی عدالت نے حکم دیا ہے کہ حکومت ملک میں کرونا کے باعث لگایا گیا کرفیو فوری طور پر ختم کرے۔