لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان میں فلپائن کے سفیر ڈینیئل ریموس نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے چاہئیں کیونکہ موجودہ حجم اچھے تعلقات اور پوٹینشل کی عکاسی نہیں کرتا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ان خیالات لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سفیر نے کہا کہ فلپائن اور پاکستان آئل، فارماسیوٹیکل، فروٹس، چاول، ادویات، آلات جراحی، تعمیراتی سامان اور دیگر بہت سے سیکٹرز میں باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں کی وجہ سے فلپائن میں تعمیراتی سامان کی بہت مانگ ہے۔ سفیر نے کہا کہ فلپائن الیکٹرانکس، مشینری، موٹرپارٹس، پھل اور پراسیسڈ فوڈ پاکستان کو برآمد کررہا ہے، فلپائن کے معروف برانڈز پاکستانی مارکیٹ میں جگہ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم ہونے سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات اور درآمدات کے حوالے سے فلپائن 34ویں اور 50ویں نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین سال سے پاکستان کی فلپائن کو برآمدات 115سے 140ملین ڈالر جبکہ درآمدات 65ملین ڈالر کے لگ بھگ ہیں، دو طرفہ تجارت میں مزید اضافہ کے لیے غیرمعمولی اقدامات اٹھانا ہونگے۔