سپورٹس کمپلیکس کرکٹ گراؤنڈ کی بحالی درانہ نگانہ ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹرف بچھانے کا عمل جاری

Feb 17, 2021

ملتان (سپورٹس رپورٹر) وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے 30جون سے قبل مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کرنیکی ہدایت کردی ہے۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدیت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید نے سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور سپورٹس کمپلیکس میں قائم کرکٹ گراونڈ کی بحالی کے منصوبے کا جائزہ لیا۔عابدہ فرید نے درانہ نگانہ کے ہاکی گراونڈ میں آسٹروٹرف بچھانے کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر عابدہ فرید نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ گراونڈ اور ہاکی گراونڈ کے منصوبوں پر 22کروڑ47 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔7کروڑ 47 لاکھ روپے کی لاگت سے کرکٹ گراونڈ کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے،کرکٹ گراونڈ کا پویلین اور دو وکٹ تیار کی گئی ہیں جبکہ کرکٹ گراونڈ میں فلڈ لائٹس نصب کردی گئی ہیں اور بجلی کے نظام میں تعطل پیدا ہونے کی صورت میں متبادل ذرائع کے لئے ہیوی جنریٹر خریدا گیا ہے۔عابدہ فرید نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر مارچ میں سپورٹس گالا کے انعقاد کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں،نیزہ بازی اور کرکٹ سپورٹس گالا کا حصہ ہونگے،سپورٹس گالا شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں بھی منعقد ہو گا،انہوں نے کہا کہ درانہ نگانہ میں نئے ہاکی گراونڈ کی تعمیر پر15 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں،گراونڈ میں سنتھیٹک ٹرف بچھایا جائے گا،ہاکی گراونڈ کی تعمیر پر5 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں،رواں مالی سال میں منصوبے کے لئے مزید5 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیںعلاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالا مدثر ممتاز نے بھی سپورٹس گراونڈ کا دورہ کیا ہے۔ 

مزیدخبریں