صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل ہاشم ڈوگر، صوبائی وزیر محنت انصر مجید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سپشل برانچ اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز اور ضلعی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی۔اجلاس میں سکھ یاتریوں کی اپنے مقدس مقامات پر آمد اور پی ایس ایل 6 کرکٹ میچوں کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
راجہ بشارت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ جس جس شہر میں سکھ یاتریوں نے آنا ہے وہاں کی ضلعی انتظامیہ ہر لحاظ سے زائرین اور ان کے مقامات مقدسہ کی سیکیورٹی یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ سکھوں کے اجتماعات اور پی ایس ایل میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ کورونا ایس او پیز کے پیش نظر پی ایس ایل 6 میں 20 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے گی۔ راجہ بشارت نے مزید احکامات دیے کہ ضلعی انتظامیہ موثر سیکورٹی انتظامات کے لیے متعلقہ صوبائی اور وفاقی محکموں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے۔