راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ مری پر کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر تسلی بخش رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے سانحہ مری کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، سیکرٹری محکمہ سیاحت پنجاب، اے سی مری عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے قرار دیا کہ کمشنر راولپنڈی نے آئندہ سماعت پر بھی تسلی بخش رپورٹ پیش نہ کی تو چیف سیکرٹری اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کریں گے۔ عدالت نے سانحہ مری پر دائر درخواست کی سماعت 22 فروری تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ سانحہ مری سے متعلق تفصیلی رپورٹ کمشنر راولپنڈی نور الامین مینگل نے گزشتہ سماعت پر جمع کرائی تھی۔ عدالت نے 22 فروری کو سانحہ مری سے متعلق جامع رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو مری 2013 کے ماسٹر پلان پر کنسلٹیشن کی ہدایت بھی کر دی۔ مری 2013 ماسٹر پلان درخواست گزار کے وکیل جلیل عباسی نے عدالت میں جمع کرایا تھا۔
لاہور ہا ئیکورٹ نے سانحہ مری پر کمشنر راولپنڈی کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیدی
Feb 17, 2022