خداوند یسوع مسیح مزید طویل عمر عطا کرے‘ ہماری ملکہ الزبتھ دوم کو جو کووڈ19- ایسے حالات اور اپنی 95 برس عمر کے باوجود اپنی شاہی مصروفیات بحال رکھے ہوئے ہیں‘ عوامی ملاقاتوں کے دوران انکی مخصوص مسکراہٹ اور انکساری سے یہ ظاہر ہی نہیں ہوتا کہ اپنی عمر کے وہ 95 برس پورے کرچکی ہیں۔ گزشتہ سال ہی انکے شوہر آنجہانی پرنس فلپ 99 برس کی عمر میں تاج و تخت اور یہ دنیا ہمیشہ کیلئے چھوڑ گئے جن کی جدائی کا غم ملکہ سمیت برطانوی قوم ابھی تک نہیں بھلا پائی۔ یہ الگ بات کہ جس روز آنجہانی پرنس فلپ کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں‘ اسی روز ہمارے وزیراعظم بورس جانسن کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈائوننگ سٹریٹ میں انکے عملہ نے کووڈ19- رولز میں نرمی کی خوشی میں ایک خصوصی محفل ’’مے کشی‘‘ کا انعقاد کر ڈالا۔ وزیراعظم گو خود اس محفل میں موجود نہیں تھے‘ تاہم اس رنگین پارٹی کے انکشاف کے بعد برطانوی عوام اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کی گئی سخت تنقید پر انہیں قوم سے اور شاہی خاندان سے جس طرح معذرت کرنا پڑی‘ اسکے اثرات ابھی تک زائل نہیں ہوئے۔ عوام کا اب بھی اصرار ہے کہ اپنے دفتر میں ہونیوالی اس شرمناک حرکت پر وہ جلدازجلد غیرمشروط استعفیٰ دیں۔ بورس جانسن کیخلاف متعدد انکوائریوں کا آغاز بھی چونکہ ہو چکا ہے اس لئے عوام کو مکمل رپورٹ کا فیصلہ آنے تک مزید انتظار کرنا ہوگا۔ تاہم 6 فروری 2022ء کو ملکہ عالیہ نے اپنی تاج پوشی کی 70 سالہ پلاٹینم جوبلی کے دوران اپنی زندگی کے ایک ایسے اہم فیصلے کا اعلان کیا ہے جو برطانوی عوام گزشتہ کئی برسوں سے سننے کے منتظر تھے۔ ملکہ نے اعلان کرتے ہوئے برطانوی عوام اور دولت مشترکہ کے 54 ممالک کو جن کی وہ سربراہ بھی ہیں‘ یہ خوشخبری سنا دی کہ برطانیہ کے آئندہ بادشاہ انکے بڑے بیٹے پرنس چارلس اور ملکہ کی ذمہ داریاں انکی اہلیہ کمیلا پارکر نبھائیں گی۔ اپنے عہد تاج پوشی کے 70 برس مکمل کرنے والی مادر ملکہ کے اپنے بڑے بیٹے اور بہو کو دیئے اس غیرمعمولی تحفے کی شہزادہ چارلس اور انکی اہلیہ کو خوشی تو ہوئی ہی ہے مگر جو مسرت برطانوی عوام کو ہوئی اسے یہاں بیان کرنا آسان نہیں۔ کسی ماں کی جانب سے دیئے گئے ایسے تحفے کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ مادر ملکہ کے دیئے اس تحفے کو بھی اب برطانوی تاریخ میں سمولیا گیا ہے۔ یہاں آپ کو یہ آگاہ کرنا بھی ضروری ہے کہ 72 سالہ شہزادہ چارلس پچھلے 60 برس سے بطورles Prince of Wa اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ اپنے والد پرنس فلپ کی وفات کے بعد اب وہ Duke of Edinburgh کے اضافی فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ انکی 74 سالہ اہلیہ کمیلا پارکر Duchess of Cornwall ہیں۔ آپ کو یاد ہوگا کہ پرنس چارلس کی پہلی بیوی لیڈی ڈایانا تھیں جو ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو کر دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ پرنس ولیم اور پرنس ہیری آنجہانی شہزادی ڈایانا سپنسر کے بیٹے ہیں۔ بڑے بیٹے شہزادہ ولیم Duke of Cambridge اور چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری بطور Duke of Sussex اپنی شاہی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ دوسری جانب ان شہزادوں کی دادی ملکہ البزتھ دوم جو کئی برس قبل شہنشاہیت کی سلور‘ گولڈن اور ڈائمنڈ جوبلی منا چکی ہیں‘ ماہ جون میں اب پلاٹینم جوبلی منانے جا رہی ہیں۔ ملکہ عالیہ کو ایک اور بڑا اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ 1952ء میں اپنے والد King George Sixt کی وفات کے بعد یہ تخت نشین ہوئیں جو اب تک کی برطانوی بادشاہت میں جانشینی کا سب سے طویل عرصہ ہے۔
یہاں آپ کو یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ برطانوی شاہی خاندان میں کسی غیرشاہی خاندان سے کی گئی شادی کے بعد دلہا دلہن کو شاہی خاندان کا رکن تو بنالیا جاتا ہے مگر برطانوی ملکہ یا بادشاہ بننے کیلئے شاہی خاندان ہی میں پیدا ہونا ضروری نہیں۔ یہ بھی کم لوگ جانتے ہیں کہ دنیا کے بیشتر سربراہان مملکت برطانوی حکومت کو باالعموم مادر ملکہ کی حکومت کہتے ہیں حالانکہ ملکہ کے پاس کوئی سیاسی طاقت نہیں تاہم ملکہ ہفتے میں وزیراعظم سے ایک بار ملاقات ضرور کرتی ہیں۔ ملکہ کرتی کیا ہیں؟ یہ بھی بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ ملکہ کی مصروفیات میں شاہی سرکاری ملاقاتیں‘ دنیا کے ممالک کے دورے‘ فلاحی اداروں کی سرپرستی اور کامن ویلتھ ممالک کے امور دیکھنا شامل ہیں جبکہ شاہی خاندان کا بنیادی خرچہ ہر سال برطانوی حکومت کو برداشت کرنا لازم ہے۔ اس سلسلہ میں 2011ء میں پارلیمنٹ نے The Sovereign Grant Act پاس کیا اور یوں اس ایکٹ کے تحت ملکہ کو اب سالانہ بھاری شاہی خرچ دیا جاتا ہے مگر یاد رہے ان اخراجات میں ملکہ کی پولیس اینڈ ملٹری سکیورٹی اور آرمڈ سروسز Ceremonial ڈیوٹیر کا خرچ انہیں خود برداشت کرنا ہوتا ہے۔ لندن میں واقع ملکہ کی رہائش گاہ جسے بکنگھم پیلس کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے اور جسے دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے آئے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد ہر وقت وہاں موجود نظر آتی ہے‘ کل 775 کمروں پر مشتمل ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں ان کمروں میں 19 کمرے سٹیٹس گیسٹ‘ 52 رائل کیلئے 188 سٹاف اور 92 کمرے دفاتر کیلئے مختص ہیں جبکہ پیلس میں کل 78 باتھ رومز ہیں۔ اب جس روز سے حکومتی سطح پر یہ اعلان ہوا کہ ملکہ الزبتھ کی 70 سالہ تاج پوشی کی پلاٹینم جوبلی تقریب 3 جون 2022ء کو عالی شان و شوکت سے برطانیہ اور دولت مشترکہ ممالک میں منائی جا رہی ہے‘ ٹورسٹ کی گہما گہمی اور انکے ذوق کا ابھی سے اندازہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ بڑی خوشی کی خبر یہ کہ برطانوی شہریوں کیلئے 2 جون سے 5 جون تک بنک ہالیڈے تعطیلات ہونگی جن میں وہ اپنی مادر ملکہ کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کر سکیں گے۔