کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے پی ایم اے ہائوس میں ہیلی کو بیکٹریا پائلوری(معدے کے السر کی بڑی وجہ) کے موضوع پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید محمد زاہد اعظم ، ڈاکٹر قاضی ایم واثق، ڈاکٹر سونیا نقوی ، ڈاکٹر عبدالغفور شورو و دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی 80فیصد آباد ی ہیلی کو بیکٹریا (H-Pilori) کا شکار ہے جو ملک میں پیٹ کی بیماریوں کی اہم وجہ ہے بیکٹریا کی علامات میں پیٹ میں درد یا جلن ، متلی، بھوک میں کمی ، بار بار ڈکار کا آنا ، وزن میں کمی شامل ہے ۔ آلو دہ کھانے ،پانی اور کھانے کے برتنوں میں بھی یہ بیکٹریا پایا جاتا ہے گنجان آباد علاقوں میں پانی یا سیوریج کے ناقص نظام انفیکشن کے پھیلائو کا بڑا سبب ہیں ۔ متاثرہ شخص اپنے تھوک اور دیگر جسمانی رطوبتوں سے بیکٹریا منتقل کر سکتا ہے پائلوری کو دائمی معدے کی خرابی، السر اور معدے کے کینسر کا سبب سمجھا جاتا ہے ۔ ملک میں اس کا پھیلائو 50سے 90فیصد ہے ۔