لاہور (سید عدنان فاروق) پی ڈی ایم قائدین کی ملاقاتوں کے بعد اگلے مرحلہ میں اتحاد میں شامل جماعتوں پر مشتمل جرگہ آئندہ کچھ عرصہ میں تحریک انصاف حکومت کے اتحادیوں سے ملاقاتیں و رابطے کرے گا۔ جرگہ کے لئے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے نمائندوں کے اتحاد کی سٹیرئنگ کمیٹی دو تین روز میں ملاقاتوں کے سلسلہ میں جرگہ تشکیل دیا جائے گا۔ جس میں بڑی جماعت سے دو ارکان جبکہ چھوٹی جماعتوں سے ایک ایک رکن جرگہ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ جرگہ حکومتی اتحادیوں کو قائل کرنے کی کوشش کرے گا کہ وہ حکومتی اتحاد سے باہر آجائیں، اور اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ساتھ دیں۔ سٹیئرنگ کمیٹی حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کے لئے حکمت عملی بھی طے کرے گی۔ جس کی روشنی میں اتحاد میں شامل جماعتوں پر مشتمل جرگہ حکومت کے اتحادی جماعتوں سے رابطے کرکے اور انہیں قائل کرنے کی کوشش کرے گا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کی بجائے ملک و قوم کو معاشی طور پر کنگال کر دیا ہے، موجودہ حکومت کا اقتدار میں رہنا پاکستان کو مزید بند گلی میں دھکیل دے گا۔ اس سلسلہ میں سابق وزیر اعلیٰ، پی ڈی ایم کے ایک اہم رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی حاجی اکرم خان درانی نے توقع ظاہر کی ہے کہ مارچ سے پہلے پی ڈی ایم حکومتی اتحادیوں کو کھل کر اور واضح انداز میں اپنی طرف مائل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد چاہے گجرات کے چوہدری صاحبان ہوں، سندھ سے ایم کیو ایم یا جے ڈی اے وہ حکومت کی معاشی پالیسی کے نقاد ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ملک معاشی طور پر بری طرح مسائل کا شکار ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جرگہ جہانگیر ترین سے بھی ملاقات کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات بدل چکے اب قوم کو حکومت سے نجات مل کر ہی رہے گی۔