کرونا: 49 جاں بحق، ویکسینیشن کی 20 کروڑ خوراکیں دینے پر عالمی ادارہ صحت کی پاکستان کو مبارک باد


کراچی‘ اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 4.97 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کرونا وائرس سے 49 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 877 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 91 ہزار 423 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 465 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں 4 لاکھ 96 ہزار 724، سندھ میں 5 لاکھ 60 ہزار 670، خیبر پی کے میں 2 لاکھ 12 ہزار 78، بلوچستان میں 35 ہزار 133، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 250، اسلام آباد میں ایک لاکھ 33 ہزار 388 جبکہ آزاد کشمیر میں 42 ہزار 180 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 58 لاکھ 96 ہزار 758 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 553 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک 13 لاکھ 88 ہزار 517 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 534 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ جبکہ سندھ میں کرونا ایس او پیز سے متعلق محکمہ داخلہ نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے 19 جنوری کی پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور نئے حکم نامے کے تحت پابندیاں 21 فروری تک برقرار رہیں گی۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت پاکستان  نے کرونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن مہم میں 20 کروڑ افراد کی ویکسینیشن مکمل ہونے پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔ کرونا کی عالمی وباء کے خلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی اور کوششوں کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت پاکستان کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان میں 20 کروڑ افراد کو کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن