اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے بلیدہ کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ فوجیوں کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کرنے پر دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں6 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد ضلع کیچ میں حالیہ فائرنگ اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور انہیں بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بلوچستان فورسز کا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دینگے
Feb 17, 2022