لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 7 کے 23ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو7 وکٹوں سے شکست دیدی۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔بابراعظم الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 174 رنز بنائے،شرجیل خان 36، جوئے کلارک 40 اور عماد وسیم 32 رنز کیساتھ نمایاں رہے ۔ روحیل نذیر اور محمد نبی نے 21،21 رنز کی باری کھیلی۔ شاہنواز دھانی نے 2، عمران طاہر، خوشدل شاہ، رومان رئیس، موزارابانی نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی ۔ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کا 175 رنز کا ہدف 3 وکٹوں پر 3 گیندوں قبل ہی پورا کرلیا۔ملتان سلطانز کی طرف سے شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے اننگز اوپن کی، پہلی وکٹ 100 کے سکور پر گری، شان مسعود 45 رنز بناکر امیر حمزہ کا شکار بنے۔ محمد رضوان 56 گیندوں پر 76 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔ ٹم ڈیوڈ 13 رنز بناکر امیر حمزہ کا دوسرا شکار بنے۔ رئیلی روسو نے 14، خوشدل شاہ نے 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے ذریعے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔محمد رضوان کو میچ کابہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ملتان سلطانز کی ٹیم نے 8 میچز میں 7 ویںمیں فتح اپنے نام کی جبکہ ایک مقابلے میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یوں وہ ٹیبل پر 14 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست ہے۔کراچی کنگز کی یہ مسلسل 8ویں شکست ہے اور اس کا ایونٹ میں آگے کا سفر پہلے ہی ختم ہو چکا ہے۔