قائمہ کمیٹی اطلاعات کا اجلاس،اخبارات ، چینلزکی واجب الادا رقم کی رپو رٹ طلب


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب،  سینیٹر عرفان صدیقی، سینیٹر محمد طاہر بزنجو، سینیٹر کامران مائیکل، سینیٹر انور لال دین، وزرات اطلاعات و نشریات اور پی ٹی وی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں پی ٹی وی کے حکام نے کمیٹی کو فنکاروں کو رائلٹی دینے کے متعلق پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ حکام کا کہنا تھاکہ تمام میڈیا ہائوسز میں رائلٹی دینے کا اب کوئی رواج نہیں ہے۔ فنکاروں کو شروع میں ہی یکمشت ادائیگی کر دی جاتی ہے اور یکمشت ادائیگی کا مطالبہ فنکاروں کو جانب سے ہی کیا جاتا ہے۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ساری دنیا میں فنکاروں کو رائلٹی دی جاتی ہے۔ آرٹسٹ کا کام بار بار چلاتے ہوئے پیسے کمائے جاتے ہیں لیکن آرٹسٹ کو کچھ نہیں دیا جاتا۔ یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر پروگرامز کو شیئر کرکے بھی اچھی خاصی آمدنی اکٹھی ہو جاتی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے مزید کہا کہ آرٹسٹ کو معاہدے میں یہ آپشن دیا جائے کہ وہ رائلٹی یا یکمشت ادائیگی دونوں میں سے ایک کو منتخب کر لیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے پی ٹی وی کے حکام کو ہدایت دی کہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں رائلٹی کی ادائیگی کے حوالے سے ایک جامعہ طریقہ کار طے کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت بہت جلد آئی ٹی این ای کے چیئرمین کا تقرر کرنے جا رہی ہے جس سے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول کے حوالے سے من گھڑت کمپین پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کسی کی ذاتیات پر تبصرے نہیں ہونے چاہئیں، آزادی اظہار رائے پر قدغن نہیں ہونی چاہیے لیکن اس کی آڑ میں ذاتی کردار کشی انتہائی افسوس ناک ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام نے کمیٹی کو وزارت کے بیرونی پبلسٹی ونگ کے کام کے طریقہ کار اور مینڈیٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام کا کہنا تھا کہ 21ملکوں میں وزارت کے افسران تعینات ہیں جن کا کام دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت جاری کی کہ گزشتہ تین ماہ میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جتنی مثبت کوریج ہوئی ہے اس کی مفصل رپورٹ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائے۔ چیئرمین کمیٹی نے وزارت کے بیرونی پبلسٹی ونگ اور پی ٹی وی مینجمنٹ کی کارکردگی کو سراہا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے ہدایت کی کہ چینلز اور اخبارات کی واجب الادا رقم جو پی آئی ڈی کے حوالے سے حکومتی وزارتوں اور محکموں نے کرنی ہے اس پر تفصیلی رپورٹ بھی کمیٹی کی اگلی میٹنگ میں دی جائے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...