مہنگائی کی بمباری تیز، عمران خان اپنے آخری دنوںمیں عوام پر ترس کھائیں: بلاول

Feb 17, 2022


لاہور+ کراچی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ آئی این پی) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے  کہا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ قبول نہیں ہے، تیل کی قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، قمیتوں میں اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تیل کی قیمتیں بھی ریکارڈ سطح پر پہنچا دی ہیں۔ جبکہ مہنگائی، بے روزگاری، غربت، ڈالر اور کرپشن بھی ریکارٖڈ سطح پر موجود ہیں۔ جاتے جاتے عمران خان نے عوام پر مہنگائی کی بمباری تیز کر دی ہے۔ اقتدار کے آخری دنوں میں عمران خان کو عوام پر ترس کھانا چاہیے، لگتا ہے کہ حکومت کے خاتمے کے بعد عمران خان کبھی پاکستان نہیں آئیں گے، لانگ مارچ عوام کی جیبوں پر ہر ڈاکے کا حساب لے گا۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے پر تو پاکستان میں تیل کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے‘ لیکن کم ہونے پر کمی نہیں لائی جاتی۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری آج جمعرات صبح 11 بجے لاہور ہائیکورٹ بار میں خطاب کریں گے۔ سیکرٹری ہائیکورٹ بار خواجہ محسن عباس نے بتایا کہ اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں