اسلام آباد(خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کی زیرصدارت ہوا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی، سینیٹر کامل علی آغا، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الٰہی، مسز فرخ خان، صوبائی وزراء حافظ عمار یاسر، بائو رضوان، چیئرمین پی اے سی پنجاب اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، ارکان پنجاب اسمبلی عبداللہ یوسف وڑائچ، ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق چودھری، شجاعت نواز اجنالہ اور خدیجہ عمر نے شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپوزیشن رہنمائوں سے حالیہ ملاقاتوں پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا جس پر تمام ارکان اسمبلی نے چودھری پرویزالٰہی کو فیصلوں کا اختیار دے دیا۔ اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل گفتگوکی گئی اور تمام ارکان اسمبلی نے اپنی آراء کا کھل کر اظہار کیا۔ حافظ عمار یاسر نے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کروائی۔ مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات سنبھالنا مشکل ہوجائے گا، حکومت غریب آدمی کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔