بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں، پنجا میں جیتیں گے، وزیراعلی کی کار کردگی شاندار، شاباش:عمران

Feb 17, 2022


لاہور+ اسلام آباد  (نیوز رپورٹر+خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی میدان تحریک انصاف کا ہے، بلدیاتی ٹکٹوں کے فیصلے اتفاق رائے سے کیئے جائیں۔ سب تیاری کریں۔ انشاللہ ہم پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جیتیں گے۔ لاہور میں موجود وزیراعظم نے لاہور ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی، اس دوران ارکان اسمبلی نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔ الیکشن کمیشن کی حلقہ بندیوں پر سب سے زیادہ لاہور اور سرگودھا کے ارکان نے شکایات کیں۔ وزیراعظم نے ارکان کو مقررہ مدت میں الیکشن کمیشن کے سامنے اعتراضات دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی تنظیم اور ارکان اسمبلی ملکر کام کریں۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے ڈی جی خاں ڈویژن کے ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس  میں بلدیاتی انتخابات کے امور پر منتخب نمائندوں نے تجاویز دیں، ارکان اسمبلی نے انڈس ہائی وے کو جلد بنانے اور خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ بجلی کے میٹر لگوانے میں چھ چھ ماہ لگ جاتے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سب ملکر بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ انشاللہ ہم پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جیتیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملاقات کی۔   وزیراعظم نے صوبے میں عام آدمی کو فوری اور موثر خدمات کی فراہمی کے لیے بھرپوراقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عوام کے جان و مال اور مفادات کے تحفظ کے لیے شرپسندوں، ذخیرہ اندوزوں اور قبضہ مافیا کے خلاف بھی موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے ایک بار پھر ڈبل اسٹیمپنگ اور دیگر وجوہات کے باعث مسترد ووٹوں کے مسئلے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات پر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں بھی یہی بات سامنے آئی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تبدیلی کے مخالف اسی لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ وہ مخالف ووٹوں کو مسترد کر اکے انتخابات میں ہیرا پھیری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے ٹویٹ میں میئر پشاور کے الیکشن کے انتخابی نتائج بھی شیئرکئے جس کے مطابق جے یو آئی ف کے امیدوار نے ان انتخابات میں 63610 جبکہ پی ٹی آئی کیامیدوار نے 51523 ووٹ حاصل کئے ، جے یو آئی ف 12087 ووٹوں کے فرق سے جیتی لیکن ان انتخابات میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 23113 ہے ۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافی غلا م اکبر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کے لئے دعا گو ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صوبے میں  بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کی جائے۔ اس کے لیے صوبے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق موثر حکمت عملی بنائی جائے اور کارکنوں کو ساتھ لیکر چلا جائے۔ دریں اثناء صوبے کی سول انتظامیہ، امن و امان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میٹنگ میں چیف سیکرٹری کامران افضل، آئی جی پنجاب رائو سردار علی بھی موجود تھے۔ ایک اور میٹنگ میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی موجود تھیں۔ پنجاب بھر میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہیں عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام جاری منصوبوں پر عمل درآمد کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں