اسلام آباد (خبر نگار) خاتون اول بشریٰ بی بی کی مبینہ تضحیک کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی گرفتاری کیلئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں درخواست دائر کردی گئی۔ پارلیمانی سیکرٹری ایم این اے عالیہ حمزہ نے ایف آئی اے میں درخواست دی ہے جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ خاتون اول کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، صابر ہاشمی کی وکالت کرکے مریم نواز نے اقبال جرم کیا۔ درخواست گزار عالیہ حمزہ نے کہا کہ صابر ہاشمی نے خاتون اول کی کردار کشی کی ہے، بے نظیر بھٹو کی کردارکشی سے لے کرآج تک ن لیگ نسل در نسل لوگوں کی کردارکشی میں ملوث رہی ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول کے درمیان کشیدگی اور بشریٰ بی بی کے ناراض ہوکر لاہور چلے جانے کی خبریں سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا پر چلائی جارہی تھیں۔ تاہم گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی میں ناراضی اور علیحدگی کی خبروں کی تردید کردی تھی۔ اس حوالے سے بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، خاتون اول میرے گھر قطعاً قیام پذیر نہیں، وہ بنی گالا اسلام آباد میں گھر پر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اتنا نیچے نہیں گرنا چاہیے کہ لوگوں کی ذاتی زندگیوں پر جھوٹ بولا جائے۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں گرفتاری کیلئے دائر درخواست پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کوئی آسمان سے اتری مخلوق نہیں جس کی شان میں گستاخی کرنے پر شہریوں کے گھروں پر دھاوا بولا جائے گا اور انہیں سلاخوں کے پیچھے پھینکا جائے گا۔‘ مریم نے مزید لکھا کہ ’آپ کی اہلیہ کا جو احترام ہے وہی میری ICU میں بیہوش پڑی والدہ کا ہونا چاہیے تھا، مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کا ہونا چاہیے تھا۔‘ مریم نواز نے مزید کہا کہ ماضی میں آپ نا صرف خود اس گندے کھیل میں شامل تھے بلکہ اپنے جاہل وزراء کا حوصلہ بڑھاتے تھے، اقتدار جب ہاتھ سے نکلنے لگتا ہے تو آپ جیسے انسانوں کا خوف اسی طرح سامنے آتا ہے، آپ کی حرکتیں دیکھ کر مشرف کے آخری ایام یاد آ جاتے ہیں۔ مزید براں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جتنی ریاستی طاقت استعمال کر لیں خود کو نہیں بچا سکتے۔ مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وقت کا پہیہ گھوم چکا ہے‘ عمران خان صاحب! آپ کے جرائم کی فہرست میں اپنے مخالفین سے انتقام لینا ہی نہیں‘ ایف آئی اے جیسے قومی اور ریاستی اداروں کو اپنے ذاتی انتقام کے لئے استعمال کرنا بھی شامل ہے‘ حساب تو دینا ہو گا۔
مریم نواز کو گرفتار کیا جائے، پارلیمانی سیکرٹری کی درخواست: یہ اقتدار جانے کا خو ف ہے لیگی رہنما
Feb 17, 2022