کراچی کی رنگینیاں لوٹنے لگیں، سفارتکاروں نے فرینچ بیچ پر شام گزاری

Feb 17, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں ساحلِ سمندر کی رنگینیاں لوٹنے لگی ہیں، کئی دہائیوں بعد گزشتہ روز مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے اپنی بیگمات کے ہمراہ ہاکس بے کے فرینچ بیچ پر خوبصورت شام گزاری۔کراچی میں قطر کے قونصل جنرل مشعل ایم الانصاری نے کراچی میں نئے تعینات ہونے والے جرمن قونصل جنرل ہولگر زیلگر اور قونصل جنرل فرانس کرسچن ٹیسٹوٹ کے اعزاز میں ہاکس بے میں فرینچ بیچ پر ایک خوبصورت شام کا اہتمام کیا۔ساحل پر منعقدہ تقریب میں کراچی کے قونصل جنرلز کی ایسوسی ایشن کے سربراہ اور سینئر ترین جاپانی سفارت کار توشی کازو ایسومورا خاص طور پر مدعو تھے۔سفارت کار اپنی بیگمات کے ہمراہ گزشتہ روز سہ پہر کو شہر کے خوبصورت ساحل ہاکس بے پہنچے اور رات گئے تک سحر انگیز موسم اور سمندر سے لطف اندوز ہوتے رہے۔سفارت کاروں نے فرینچ بیچ سے ڈھلتے سورج کی کرنوں سے چمکتی ریت پر یادگار وقت گزارا۔کورونا وائرس کی ایس او پیز کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ایک درجن سے بھی کم انتہائی مختصر مہمان مدعو تھے۔خاص مشروبات کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، کچھ غیر ملکیوں نے اٹکھیلیاں کیں اور کچھ نے ریت پر واک کی۔قونصل جنرلز کے مطابق فرینچ بیچ سے غروبِ آفتاب کا نظارہ انتہائی خوبصورت تھا اور رات کو پورے چاند کے منظر نے ان کے دل موہ لیے، جسے سفارت کاروں نے فلم بند کیا اور تصاویر بنائیں۔رات کو سمندر کی مسحور کن لہروں کی پرسوز آواز کے ساتھ ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔فرینچ بیچ پر کئی گھنٹے کا وقت گزار کر سفارت کار اور ان کے اہلِ خانہ انتہائی خوش اور پرجوش دکھائی دیئے۔علاقہ مکینوں کے مطابق طویل عرصے بعد فرینچ بیچ پر غیر ملکیوں کو دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی۔
فرنچ بیچ پر شام

مزیدخبریں