کراچی (نیوز رپورٹر) گورنر ہائوس میں وزیراعظم عمران خان کا پروگرام احساس، کوئی بھوکا نہ سوئے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پروگرام کوئی بھوکا نہ سوئے کے تحت تین موبائل یونٹس کا افتتاح کیا۔ ان موبائل یونٹس سے تقریبا ایک ہزار غریب اور نادار افراد کو تین وقت کھانا روزانہ کی بنیاد پر فراہم کیاجائے گا۔ گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال کے تعاون سے ٹرکس (موبائل یونٹس ) خریدے گئے ہیں ، اس میں تین ٹرکس کراچی میں ہیں، باقی ٹرکس حیدرآباد ،سکھر اور لاڑکانہ بھی پہنچیں گے، جبکہ کل سے ان ٹرکس کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم پورے ملک میں اس دائرے کو وسیع کریں تاکہ اچھا اور معیاری کھانا غریبوں تک پہنچے۔ گورنر سندھ نے مذید کہا کہ مختلف ویلفیئر ٹرسٹ اس پروگرام میں بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں کا بڑھنا ، عالمی مارکیٹ میں آئل کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ جو ٹیکس کی صورت میں کم کیا جا سکتا تھا کیا ہے، حکومت کو یہ گوارا نہیں کہ مہنگائی بڑھائے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ جو شخص بھی پارٹی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف جائیگا اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں کیونکہ عمران خان غریبوں کا درد رکھتے ہیں۔ انہوں نے سیلانی اور عالمگیر ویلفیر ٹرسٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں ایم ڈ ی پاکستان بیت المال اور عالمگیر ویلفیر ٹرسٹ کے مابین موبائل یونٹس آپریشن کے حوالہ سے ایک ایم او یو (MoU) پر بھی دستخط کئے گئے۔
گورنر سندھ افتتاح
گورنر سندھ نے پروگرام کوئی بھوکا نہ سوئے کے تحت 3موبائل یونٹس کا افتتاح کردیا
Feb 17, 2022