اعلی عدلیہ کو قومی معاملات پر نوٹس لینا چاہیے، بلاول بھٹو

 پیپلز پارٹی کا لاہور ہائیکورٹ بار سے گہرا تعلق رہا ہے، پیپلز پارٹی قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور قانون کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں، قانون ریاست اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے
چیئرمین پیپلز پارٹی کا لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب

 چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اعلی عدلیہ کو قومی معاملات پر نوٹس لینا چاہیے، پیپلز پارٹی کا لاہور ہائیکورٹ بار سے گہرا تعلق رہا ہے، پیپلز پارٹی قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور قانون کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں، قانون ریاست اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کے لیے کام کیا اور قانون کے بغیر کوئی ریاست قائم نہیں رہ سکتی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو جمہوریت اور آئین کا تحفہ دیا جبکہ پیپلز پارٹی نے عدلیہ کی بحالی میں کردار ادا کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ والد پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے جن میں وہ بری ہوئے اور ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف صدارتی ریفرنس لایا گیا۔ موجودہ حکومت قانون کی بالادستی میں ناکام ہوئی ہے اور ہم ملک میں انصاف اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ وکلا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک شفاف نظام کے بغیر انصاف فراہم نہیں کرسکتا اور یہاں پارلیمانی قوانین پرعمل نہیں کیا جا رہا ہے جبکہ عمران خان کے دور میں ملک جمہوریت کی طرف نہیں جا رہا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک میں ہماری امیدوں کے برعکس نظام چلایا جا رہا ہے اور اعلی عدلیہ کو سموسوں وغیرہ کے بجائے قومی معاملات کا نوٹس لینا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن