اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ دو پاکستان ہیں، ایک غریب کا اور دوسرا امیر کا۔ روس سے تیل کی فراہمی کے بعد پٹرول سستا ملے گا۔ روپے کی بے قدری کے باعث مہنگا پٹرول خریدنے پر مجبور ہیں۔ مصدق ملک نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے مطابق کیا جاتا ہے۔ عمران خان نے مہنگا پٹرول لیکر سبسڈی دی۔ سبسڈی صرف غریب آدمی کا حق ہے۔ دنیا کا کوئی بھی ملک مہنگی چیز لیکر سستی نہیں بیچ سکتا۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ملک کو کھڑا کرنے کیلئے کڑوا گھونٹ پینا ہوگا۔ دی فیوچر سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو گیس چوری کا پورا پورا حساب دینا ہو گا، ایس ایس جی سی میں جو چوری کرے گا اس کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے گا، گیس کی چوری کا بوجھ غریب آدمی پر آتا ہے اور امیر آدمی بچ جاتا ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ اعتراف کرتا ہوں غریب آدمی مشکل وقت سے گزر رہا ہے، سستے تیل کے لیے روس سے معاہدہ ہو گیا ہے، مارچ سے تیل کی ترسیل شروع ہو جائے گی، غریب آدمی کے لیے 4 ماہ آئی ایم ایف سے لڑا گیا ہے۔ ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر پاکستان عالمی پابندیوں کا سامنا نہیں کر سکتا، عالمی قوانین کو سامنے رکھ کر ہی پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ آگے بڑھا سکتے ہیں۔
دو پاکستان ایک غریب،دوسرا امیرکا،روس فراہمی کے بعد پٹرول سستا ملے گا:مصدق ملک
Feb 17, 2023