قصور (نمائندہ نوائے وقت) لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکا نیول نے قصور کا دورہ کیا۔ قونصل جنرل نے قصور ٹینری ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی (کے ٹی ڈبلیو ایم اے)‘ نجی ٹینری‘ دربار حضرت بابا بلھے شاہ اور گنڈا سنگھ بارڈر کا دورہ کیا۔ امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکا نیول کو ڈپٹی کمشنر آفس آمد پر ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے گلدستہ پیش کیا اور ضلع کی تاریخی، سماجی و ثقافتی اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ امریکی قونصل جنرل نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے مختلف حصوں کی ورکنگ کے عمل کو چیک کیا۔ نجی ٹینری کے دورہ کے دوران لیدر بنانے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ امریکی قونصل جنرل نے دربار حضرت بابا بلھے شاہ پر حاضری دی۔ پھولوں کی چادر چڑھائی۔ دربار شریف پر محفل سماع میں بھی شمولیت کی۔ بعدازاں امریکی قونصل جنرل نے گنڈا سنگھ بارڈر پر پریڈ دیکھی۔