لاہور (نیوز رپورٹر) شاہد خاقان عباسی نے مریم نوازسے ملاقات کی۔ لاہور میں ہونے والی ملاقات ایک گھنٹہ پچیس منٹ سے زائد دیر تک جاری رہی۔ مریم نواز نے شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے شاہد خاقان عباسی سے گفتگو میں کہا کہ میں آپ کی بہن ہوں، آپ کی رہنمائی میں پارٹی اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہتی ہوں، پارٹی میری اکیلی کی نہیں، نوازشریف کی سربراہی میں سب مل کر پارٹی کیلئے کام کریں گے، آپ جیسے لیڈر پارٹی کا فخر ہیں اور آپ کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نے اپنا سب کچھ مسلم لیگ ن کے لئے وقف کر رکھا ہے، نوازشریف میرے لیڈر ہیں، شہباز شریف کی رہنمائی ہمیشہ میرے ساتھ رہی، نواز شریف سے محبت ہے اس لئے ن لیگ میں ہیں، ن لیگ میں رہا اور آخری دم تک ن لیگ میں ہی رہوں گا، مسلم لیگ ن سے کوئی دوری نہیں بڑھی، نواز شریف اور پارٹی سے آج بھی رابطہ قائم ہے اور کل بھی قائم رہے گا۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران کا عدالت میں قانون کے سامنے پیش نہ ہونا اس ملک کے نظام عدل و انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ” طاقتور کو قانون کے نیچے لاوں گا“ کی بڑھکیں لگانے والا اس عدلیہ کا منہ چڑا رہا ہے، سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ جنگل میں بھی کوئی قانون ہوتا ہے۔
مریم نواز