لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت کابینہ کا باضابطہ پیپر لیس اجلاس ہوا۔ کابینہ کے پانچویں اجلاس کا انعقاد کیبنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت کیا گیا۔کیبنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت صوبائی کابینہ کے ہر پیپر لیس اجلاس پر 20لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ اجلاس کا ایجنڈا ٹیبلٹ پر پیش کیا گیا۔ رمضان المبارک میں صوبے کے عوام کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رمضان ریلیف پیکیج کو حتمی شکل دینے کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی اگلے اجلاس میں رمضان پیکیج کے بارے میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ گندم کی امدادی قیمت پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے گندم سے حتمی سفارشات طلب کرلی گئیں۔ پی ایس ایل میچوں کے دوران سکیورٹی اخراجات کا تعین کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کی گئی۔ کمیٹی زیرو رسک پر کم از کم اخراجات کی سفارشات پیش کرے گی، پی سی بی سے بھی مشاورت کرے گی۔ کابینہ نے مالی سال 2022-23 کیلئے کفایت شعاری پالیسی کی منظوری دی۔ کفایت شعاری کمیٹی بچت کیلئے اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ اجلاس میں پنجاب پولیس کے آپریشنل اخراجات کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے اجراءکی منظوری دی گئی۔ جبکہ چیئرمین پنجاب انوائمنٹ ٹربیونل کے عہدے پرجسٹس (ر) سید کاظم رضا شمسی کے تقرر کی منظوری دی گئی۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ، کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری اور کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن وامان کے قواعد و ضوابط میں ردوبدل کی منظوری دی گئی اور کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کو فیصلوں میں بااختیار بنادیا گیا۔ دوسری جانب محسن نقوی نے موسم بہار 2023 کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے بوتل پام کا پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ مہم کے دوران 3 کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔ درخت لگانا قومی فریضہ اور سماجی ذمہ داری بھی ہے۔
محسن نقوی