لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے آئر لینڈ کیخلاف 70رنز سے فتح حاصل کرکے ایونٹ میں اپنی جیت کا کھاتہ کھول لیا۔ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں قومی ویمنز ٹیم نے آئرلینڈ کو جیت کیلئے166 رنز کا ہدف دیا تاہم آئرلینڈ کی ٹیم 95 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ نشرح سندھو نے 4‘ سعدیہ اقبال اور ندا ڈار نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔قومی ٹیم کی وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی ویمنز کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والی پہلی بیٹر بن گئیں۔منیبہ نے نہ صرف 102 رنز کی اننگز کھیلی بلکہ وہ اس ورلڈ کپ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والی پلیئر بھی بن گئی ہیں۔کیپ ٹائون میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان ٹیم نے 5 وکٹ پر 165 رنز سکور کیے تھے، منیبہ نے 68 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے جبکہ ندا ڈار 33 رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔ آرلین کیلی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔منیبہ علی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ نے ہوٹل پہنچ کر آئرلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں فتح پر کیک کاٹ کر جشن منایا۔ سنچری سکور کرنے والی منیبہ علی نے کیک کاٹا اور خوب ہلہ گلہ کیا۔ منیبہ علی نے کیک کاٹا اور ساتھی کھلاڑیوں سے مل کر ایک دوسرے کو کیک کھلایا۔پاکستان ویمن ٹیم نے گزشتہ رو ز آرام کیا اورٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا۔قومی ویمنز ٹیم آج ویسٹرن پروونس میں صبح کے وقت پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی کا اپنا تیسرا میچ ویسٹ انڈیز کیخلاف 19فروری کو بولینڈ پارک میں کھیلے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے کھیلا جائیگا۔قومی خاتون کرکٹرمنیبہ علی نے کہا ہے کہ سنچری بنانے پر بہت خوش ہوں، پلان کے مطابق بیٹنگ کی۔ وہ اچھی اننگز کیلئے پر اعتماد تھیں، ٹیم آئرلینڈ کے خلاف اچھا سکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔ایکسٹرا کور پر کھیلنا میرا پسندیدہ سٹروک ہے۔بغیر کسی دباو کے اپنی بیٹنگ کو انجوائے کیا جس کی وجہ سے سنچری بنی۔ منیبہ علی ویمنز ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے سنچری سکور کرنے والی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔منیبہ نے مزید کہا کہ کافی اچھا لگا کہ جو رنز کیے اس سے ٹیم کو جیت ملی۔ندا ڈار تجربہ کار کھلاڑی ہیں ان کی موجودگی سے بہت فائدہ ہوا۔میری اننگز کو بنانے میں ندا ڈار کا بہت ہاتھ ہے۔ ایک دو بڑے اوورز ملے تو ہمیں اندازہ ہو گیا کہ ہم اپنے اور ٹیم کیلئے بڑے سکور کر سکتی ہیں۔سنچری بنانے پر گھر والوں اور دوستوں کے پیغامات آئے اور مبارکباد دی۔گھر والوں کی طرف اب تعریفوں والا دن ہے، سنچری کے بعد اب یہ نہیں کہیں گے کہ ایسے نہیں ایسے کھیلو۔آل رائونڈر ندا ڈار نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آپس میں یہی بات کی ہے ہم نے میچ ٹو میچ جانا ہے۔آئر لینڈ کیخلاف میچ جیتنے کیلئے گئے خاص بات منیبہ علی کی سنچری رہی۔ہماری پارٹنر شپ اچھی رہی۔جب بھی کوئی بیٹر بڑا سکور کرتی ہے تو اس سے ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے۔صورتحال کے مطابق میچ کھیلنے کی ضرورت ہوتی ہے منیبہ علی کو کریڈٹ جاتا ہے انہوں نے لمبی اننگز کھیلی۔منیبہ علی کو جو بھی سمجھایا اس نے اس پر عمل کیا۔اچھی شاٹس کھیلیں‘ ہم نے مل کر جتنا بھی ایک اوور رنز بنانے کا پلان کیا اتنے رنز بنائے۔
پاکستان کی آئرلینڈ کیخلاف فتح ، ٹیم کا ہوٹل میں جشن
Feb 17, 2023