پولیسنگ لائف سٹائل ‘اوڑھنا ‘بچھونا خلق خدا کی خدمت : سی سی پی او

Feb 17, 2023

لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیسنگ ایک لائف سٹائل ہے ،جس کے تحت ہمارا اوڑھنا بچھونا خلق خدا کی خدمت، مظلوم کی داد رسی اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی ہونا چاہئے۔ایس پیز فیلڈ میں متحرک ہوں،کرائم کنٹرول اور شہریوں کی دادرسی پر فوکس کریں۔مقدمات کا فوری اندراج اور میرٹ پر تفتیش تمام مسائل کا واحد حل ہے۔ایمرجنسی ون فائیو کی کال پر ریسپانس ٹائم سمیت زیر تفتیش مقدمات کو خود مانیٹر کر رہا ہوں۔پولیس کارکردگی میں بہتری کیلئے مربوط اور موثر اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور پولیس نے رواں ماہ کے ابتدائی پندرہ روز کے دوران جرائم پیشہ و قانون شکن عناصر کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 ہزار 189جرائم پیشہ و قانون شکن عناصر گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کئے۔سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ شہر میں بدمعاشوں،رسہ گیروں اور شہریوں کو اسلحہ کی نمائش سے ہراساں کرنے والے 1121 ملزمان گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے۔ناجائز اسلحہ کیخلاف اس گرینڈ آپریشن کے دوران 9کلاشنکوف، 82 رائفلز،59  بندوقیں،982پسٹلز اور ریوالور جبکہ 6ہزار700 سے زائد گولیاں اور کارتوس برآمد کئے گئے۔بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ رواں ماہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طورپر 1489 ملزمان کو گرفتار کرکے ان  کے قبضہ سے 676 کلوگرام سے زائد چرس،9 کلوگرام سے زائد ہیروئن،02 کلو765 گرام آئس اور 15ہزار165 لٹر شراب برآمد کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح  قمار بازوں کے خلاف کارروائی کے دوران 741 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔قمار بازوں کے خلاف 150 مقدمات درج کر کے ملزمان کے قبضہ سے جوئے پر لگائی گئی 27 لاکھ 89 ہزار روپے سے زائد رقم برآمدکی گئی۔مزید براں رواں ماہ لاہور پولیس نے پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 732 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ملزمان کے قبضے سے 4 ہزار 600 سے زائد پتنگیں اور 900 سے زائد ڈور چرخیاں نیز بڑی تعداد میں پتنگ سازی کا سامان بھی برامد کیا گیا۔لاہور پولیس نے ہوائی فائرنگ کے جرم میں 179ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔رواں ماہ اب تک نیشنل ایکشن پلان کے تحت 4607 قانون شکن عناصر کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی آف ولنرایبل اسٹیبلشمنٹ آرڈیننس کے تحت 576،آرمز ایکٹ کے تحت 1121، کرایہ داری ایکٹ میں 2224 قانون شکن عناصر،ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی پر 679، نفرت انگیز مواد کیسز میں 06ملزمان جبکہ وال چاکنگ کے جرم میںایک قانون شکن گرفتار کیا۔

مزیدخبریں