لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری ،چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ ترک اور شام کے عوام سے دوستی ایمانی تقاضہ، مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ امدادی کاموں میں پنجاب کی خصوصی کمیٹی سرگرمِ عمل ہے۔ صدیوں پہ محیط پاک ترک دوستی کو پوری توانائی سے نبھائیں گے۔ پاکستانی عوام وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں۔ وہ دربار ہال، سول سیکرٹریٹ لاہور میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے حوالے سے ریلیف سرگرمیوں کی بابت منعقد اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اجلاس میں مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، مفتی محمد رمضان سیالوی، مولانا سیّد عبد الخبیر آزاد، مولانا محمد افضل حیدری سمیت دیگر علماء اور عمائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہو اکہ آج ’’جمعتہ المبارک ‘‘کو زلزلہ زدگان سے اظہار یکجہتی کے طور پر مناتے ہوئے، مساجد میں متاثرین کیلئے خصوصی دعا کا اہتمام ہو۔