مقدس شخصیات کااحترام لازم ، اعتدال رویہ سے تفریق سے بچایاجائے:راغب نعیمی


لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ تمام مقدس شخصیات کااحترام لازم ہے، اعتدال کے راستہ پر چل کرہی امت کوتفریق سے بچایا جاسکتاہے۔کسی کابھی خود مدعی ،عدالت اورجج بن کر سزا دیناشدت پسندانہ رویہ ہے۔ گزشتہ دنوں واربرٹن میںہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کوقتل کرنے کی واقعے کی مذمت کرتے ہیں ،کسی کوسزا دینا کے اختیارآئینی اورشرعی لحاظ سے ریاستی اداروں کو حاصل ہے۔شدت پسندی جس بھی شکل یاصورت میںہواس کی مذمت کی جانی چاہیے۔جامعہ نعیمیہ سے سندفراغت حاصل کرنے والے علماء ، مفتیان کرام نوجوان کواعتقادی اور اخلاقی برائیوں سے بچانے کیلئے کردارادا کریں۔ علماء قرآن وسنت کے ساتھ ساتھ جدید مسائل باخبر رہیں اوراسلامی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے کی ر ہنمائی کریں۔ان خیالات کااظہارا نہوں نے امسال جامعہ نعیمیہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مفتی عارف حسین نے بھی خطا ب کیا جبکہ تقریب میںڈاکٹرمحمدسلیمان قادری،مفتی محمدعمران حنفی،مولاناغلام مرتضی نقشبندی،مولاناغلام یاسین قادری،مولانامحب الرسول، مولانا مسعودا حمد سیالوی،مفتی محمدمدنی ،قاری ذوالفقار احمدنعیمی، قاری غلام محی الدین،قاری محمدرفیق نقشبندی سمیت ادارے کے دیگر اساتذہ کرام اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی بعداز اں کلاس موقوف علیہ کی طرف سے اساتذہ اور دینی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کوظہرانہ بھی دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن