پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کیلئے انتظامات مکمل ہیں:  عامر میر


 لاہور(نیوز رپورٹر)نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان سپر لیگ کی فول پروف سکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں تاکہ کسی قسم کی بدمزگی کا امکان ختم کیا جا سکے۔ پی ایس ایل میں شائقین کرکٹ کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے فول پروف پلان دیا ہے اور کابینہ نے اسکی منظوری بھی دیدی ہے۔ ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم تک 6 کلومیٹر کے روٹ کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے متعلقہ اداروں کو میچوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے موثر مینجمنٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو عوام کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم کرنے اور عوام کو متبادل روٹس فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو روٹس پر لائٹس کا مستقل انتظام کرنے اور سٹیڈیم میں سکیورٹی کے پیش نظرواک تھرو گیٹس لگانے اور سینٹرل کنٹرول روم کے ذریعے نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔عامر میر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا وقار بلند ہو گا اور عوام کو بہترین تفریح فراہم ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن