لاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال ٹرسٹ انسانیت کیلئے قابل قدرخدمات انجام دے رہا ہے۔ حالیہ سیلاب کے متاثرین کی بحالی وآبادکاری کیلئے ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال ٹرسٹ کی امدادی سرگرمیاں مستحسن ہیں۔ ماہ صیام کی آمد آمد ہے۔ لہٰذا عوام اپنے مصیبت زدہ بھائی بہنوں کی پوری طرح آبادکاری تک ان کی ضروریات کاخیال رکھیں اوران کی محرومیوں کامداوا کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ وہ گزشہ روز اپنے آفس میں ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ عائشہ نذیر ،اعجازبٹ،سعیداحمدملک ، محمدسہیل،محمدمدثر ایڈووکیٹ، لائن اظہاراحمد ، ناصر عباس ، ڈاکٹر محمداظہر،خضر حیات اورڈاکٹر مدیحہ مدثر بھی اس موقع پرموجود تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہبازشریف کادل سیلاب زدگان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا کہ گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن کی دلچسپی اورسرپرستی سے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ سمیت دوسرے نجی فلاحی اداروں کے کاز اورکام کوتقویت ملے گی۔ہم ملک بھرمیں آنیوالی زمینی وآسمانی آفات کے دوران بھی مصیبت زدگان کوبنیادی ضروریات کے ساتھ طبی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔